شاہین آفریدی کو کپتانی سے منع کیا تھا لیکن اس نے نہ سنی، شاہد آفریدی

ویب ڈیسک  جمعرات 23 دسمبر 2021
شاہین آفریدی سے کہا تھا کہ ایک دو سال رک جاؤ اور بالنگ پر توجہ مرکوز کرو، سابق کپتان

شاہین آفریدی سے کہا تھا کہ ایک دو سال رک جاؤ اور بالنگ پر توجہ مرکوز کرو، سابق کپتان

 کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی کو کپتان سے منع کیا تھا لیکن اس نے نہیں سنی۔

شاہد آفریدی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں کافی ساری چیزیں تبدیل ہوئی ہیں، اب یہ نہیں ہوتا کہ کسی سینئر کے ہوتے ہوئے جونیئر کو کپتان بنادیا تو ٹیم بغاوت کردے اور ایک گروپ بن جائے، اب یہ چیزیں کم سننے میں آتی ہیں کیونکہ دیگر ممالک میں بھی یہ مثالیں قائم ہوتی رہی ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ دھونی کی زیر قیادت بھی کئی سینئر کھلاڑی کھیلے، ایک لیڈر وہ ہوتا ہے جو ہر کھلاڑی کو اس کے حساب سے ایڈجسٹ کرے اور سب کو برابر کے مواقع دے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 7 کیلیے شاہین آفریدی کو کپتان مقرر کردیا

شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھ سے شاہین کی بات ہوئی تھی تو میں نے شاہین آفریدی کو منع کیا تھا کہ ایک دو سال آپ رک جاؤ اور بالنگ پر ہی توجہ مرکوز کرو، تھوڑا سا اور کھیلو، مگر وہ بھی آفریدی ہیں ، اس نے بھی نہیں سننی تھی، یہ کہہ شاہد آفریدی ہنس پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ ہے اور ایک کھلاڑی کو فیصلے کرنے چاہئیں اور جو موقع ملے اس سے سیکھنا چاہیے، ہر کھلاڑی کی پاکستان ٹیم یا کسی فرنچائز کی قیادت کی خواہش ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔