انڈر19 ایشیا کپ؛ پاکستان نے افغانستان کو 4 وکٹوں سے ہرادیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 23 دسمبر 2021
اویس علی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا . فوٹو : فائل

اویس علی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا . فوٹو : فائل

 دبئی: اے سی سی مینز انڈر19 ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے تباہ کن باؤلنگ کی بدولت افغانستان کو 4 وکٹوں سے ہرادیا۔

آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں کھیلے گئے میچ میں فاتح پاکستان ٹیم نے 53 رنز کا ہدف 16.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔معاذ صداقت 14 رنز بناکرناٹ آؤٹ رہے، وکٹ کیپر حسیب اللہ 11 رنز بناکر دوسرے ٹاپ اسکورر رہے، عبدالواحد بنگلزئی 9، محمد شہزاد اور قاسم اکرم صفر، صفرجب کہ عرفان نیازی 4 اور رضوان محمود 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کے نور احمد نے 3 جبکہ بلال سمیع نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل افغانستان انڈر 19 ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو احمد خان، اویس علی اور ذیشان ضمیر کی تباہ کن فاسٹ باؤلنگ کی بدولت افغان ٹیم 23.1 اوورز میں 52 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

احمد خان نے6 اوورز میں 21 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائی۔ اس دوران انہوں نے 2 میڈن اوورز بھی پھینکے۔اویس علی نے 9 جب کہ ذیشان ضمیر نے 12 رنز دے کر 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے افغانستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے واحد بیٹسمین (بیٹر) نانگیالیا 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔