کیچ میں دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 2 اہلکار شہید

ویب ڈیسک  جمعـء 24 دسمبر 2021
سیکیورٹی فورسز دشمن عناصر کی کارروائیوں کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں، آئی ایس پی آر۔  فوٹو : فائل

سیکیورٹی فورسز دشمن عناصر کی کارروائیوں کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں، آئی ایس پی آر۔ فوٹو : فائل

 راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کے چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں خوشاب کے رہائشی لانس نائیک منظر عباس اور خضدار کے رہائشی سپاہی عبدالفتح شہید ہوگئے تاہم سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہوگئے جن کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر  کے مطابق سیکیورٹی فورسز ایسے دشمن عناصر کی کارروائیوں کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں،  دہشت گردوں کا مقصد بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو متاثر کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بلوچستان کے علاقے کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پرحملے کی مذمت کی اور شہید لانس نائیک منظر عباس اور سپاہی عبدالفتح کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سپوتوں نے اپنی قیمتی جانیں وطن کے امن کے لیے قربان کیں، شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔