الیکشن کمیشن ای وی ایم کی خریداری میں تاخیری حربوں کا جواب دے گا، وزیر سائنس

ویب ڈیسک  جمعـء 24 دسمبر 2021
الیکشن کمیشن ایک ہفتہ میں ای وی ایم کا ٹینڈر جاری کرے، کمیشن کی کوتاہی سے وقت گزرا تو بڑی مشکلات ہونگی، شبلی فراز

الیکشن کمیشن ایک ہفتہ میں ای وی ایم کا ٹینڈر جاری کرے، کمیشن کی کوتاہی سے وقت گزرا تو بڑی مشکلات ہونگی، شبلی فراز

 اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی خریداری میں تاخیری حربوں کا جواب دے گا۔

شبلی فراز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن ای وی ایم مانگتا ہے لیکن ان کی خصوصیات نہیں بتاتا، کمیشن جلد از جلد ای وی ایم کے حوالے سے انٹرنیشنل ٹینڈر جاری کرے اور بتائے کون سی مشینیں چاہئیں، جن میں کیا ہونا چاہیے۔

شبلی فراز نے کہا کہ جو مشین ہم نے بنائی وہ چاہیے تو ہم تیار ہیں، الیکشن کمیشن ای وی ایم کے حوالے سے کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم کرے، جو کمپنی معیار پر پورا اترے ، اسے ای وی ایم بنانے کا ٹاسک دیا جائے، حکومت کا پنجاب اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے کا ہدف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن ای وی ایم کے حوالے سے ایک ہفتہ میں ٹینڈر جاری کرے، کمیشن کی کوتاہی سے وقت گزرا تو بڑی مشکلات ہونگی اور تاخیری حربوں کا جواب الیکشن کمیشن دے گا، الیکشن کمیشن اپنے عملی اقدامات سے ثابت کرے کہ وہ تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے یا نہیں ، اس معاملے میں قانون بنے بھی ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر گیا، امید ہے الیکشن کمیشن کی ٹیکنیکل ٹیم ایک ہفتے میں مشینوں کی خصوصیات طے کر لے گی۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے قبل ای وی ایم کا تجربہ تاخیر کا امکان ہونے کا خدشہ ہے۔ الیکشن کمیشن کو تجربے کیلئے50 ووٹنگ مشینوں کے خط کا تاحال جواب نہ ملا۔

الیکشن کمیشن نے 17 دسمبر کو تجربے کیلئے 50 مشینیں مانگی تھیں جن میں ووٹنگ، گنتی اور دوبارہ گنتی کی خصوصیات کی ڈیمانڈ کی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے میئر اسلام آباد کا الیکشن کرانے کیلئے 3900 مشینیں مانگ رکھی ہیں کیونکہ کمیشن انتخابات میں استعمال سے پہلے مشین کا تجربہ کرنا چاہتا ہے۔ قانون کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 24 مئی سے پہلے کرانا لازمی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔