کراچی میں بادلوں کے ڈیرے؛ مختلف علاقوں میں بوندا باندی

اسٹاف رپورٹر  اتوار 26 دسمبر 2021
کراچی میں 28 دسمبر سے سردی کی نئی لہر آنے کی توقع ہے، محکمہ موسمیات ۔ فوٹو : فائل

کراچی میں 28 دسمبر سے سردی کی نئی لہر آنے کی توقع ہے، محکمہ موسمیات ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بوندا باندی ہوئی، پیر کو بھی مطلع ابر آلود رہنے اور مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے جب کہ 28 دسمبر سے شہر میں سردی کی نئی لہر آسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر کا مطلع بیشتر وقت ابرآلود رہنے اور بارش کا امکان ہے، منگل سے شہر میں بلوچستان کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کے سبب درجہ حرارت میں دوبارہ کمی متوقع ہے۔

اتوار کو شہر کا موسم صاف اور جزوی ابرآلود رہا، شہر کے مضافاتی علاقوں گڈاپ ٹاون، موٹر وے ایم نائن اور بحریہ ٹاؤن میں ہلکی بارش ہوئی جبکہ گلستان جوہر، ملیر، سعود آباد، لسبیلہ، گرومندر اور ایم اے جناح روڈ سمیت کئی علاقوں میں پھوار اور بونداباندی ہوئی۔

پیر کو کم سے کم پارہ 18 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت نمی کا تناسب 90 جبکہ شام کو 69 فیصد ریکارڈ ہوا۔ صبح کے وقت دھند کے باعث حد نگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہوکر صرف ایک کلومیٹر رہ گئی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہونے والے نئے مغربی سلسلے کے تحت 28 دسمبر سے کراچی میں سردی کی لہر چل سکتی ہے جو 5 جنوری تک برقرار رہ سکتی ہے۔ اس دوران کم سے کم پارہ 10 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے آسکتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔