ملکہ برطانیہ کو قتل کرنے کیلیے محل میں داخل ہونے والا مسلح شخص بھارتی نکلا

ویب ڈیسک  پير 27 دسمبر 2021
مسلح نوجوان کرسمس تقریب کے دوران شاہی محل سے گرفتار ہوا تھا، فوٹو: فائل

مسلح نوجوان کرسمس تقریب کے دوران شاہی محل سے گرفتار ہوا تھا، فوٹو: فائل

 لندن: ملکہ برطانیہ کے شاہی محل ونڈرسر کیسل میں ایک مسلح شخص نے اُس وقت گھسنے کی کوشش کی جب وہاں کرسمس کی تقریب جاری تھی تاہم مسلح شخص کو گرفتار کرلیا گیا تھا جو بھارتی شہری ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ملکہ برطانیہ کو قتل کرنے کی نیت سے کرسمس تقریب کے دوران محل میں داخل ہونے والے گرفتار ہونے والے مسلح شخص کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے۔

برطانوی پولیس نے اس حوالے سے ایک ویڈیو کو تفتیش میں شامل کیا ہے جس میں نوجوان شخص خود کو سکھ اور بھارتی شہری ظاہر کرتے ہوئے کہتا ہے کہ وہ 1919 میں برطانوی دور حکومت کے دوران بھارت میں سکھوں کے قتل عام کا بدلہ لینا چاہتا ہے۔

یہ ویڈیو 19 سالہ مسلح نوجوان کے ملکہ برطانیہ کے محل میں گرفتاری کے 24 منٹ بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم اسنپ چیٹ پر وائرل ہوئی تھی۔ پولیس نے گرفتار ملزم کو ذہنی صحت کے مرکز بھیجا ہے۔

خیال رہے کہ کرسمس پر برطانیہ کے شاہی قلعہ ونڈرسر میں ملکہ برطانیہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ دعائیہ تقریب میں شریک تھی کہ اس دوران ایک 19 سالہ مسلح  نوجوان نے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔

سیکیورٹی فورسز نے مسلح نوجوان کو شاہی قلعہ کے گراؤنڈ سے حراست میں لے لیا۔ ملکہ برطانیہ نے وبا کے دوران زیادہ تر وقت اسی محل میں علیحدگی میں گزارا تھا۔

یہ خبر پڑھیں : کانگو میں کرسمس تقریب کے دوران ریسٹورینٹ میں خودکش حملہ، 6 افراد ہلاک 

مسلح نوجوان کی گرفتاری سے کرسمس کی دعائیہ کی تقریب پر کوئی اثر نہیں پڑا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔