نواز شریف کی واپسی کا خوف حکومت کو سونے نہیں دے رہا، رانا ثناء اللہ

ویب ڈیسک  اتوار 26 دسمبر 2021
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

 اسلام آباد: مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف ابھی آئے نہیں حکومت کی ‘ٹلی’ بج چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے وزیر داخلہ شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو نواز شریف کے واپس آنے کا خوف سونے نہیں دے رہا۔ آپ نے جو کرنا ہے کریں ، جو کہنا ہے کہیں جانا تو پڑے گا۔ راناثنا اللہ نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نالائقی ، نااہلی اور کرپشن کا سونامی لانے والوں کی چیخیں نکل رہی ہیں۔

مزید پڑھیے: نوازشریف وطن واپس آنا چاہیں تو انہیں اپنی جیب سے ٹکٹ دوں گا، شیخ رشید

مسلم لیگ ن کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ عمران خان سمیت ہر وزیر اور ترجمان کا بیان اور پریس کانفرنس صرف نواز شریف، شہباز شریف ہے عمران نیازی اور پنڈی کے شیطان کو ایک ہی پیغام ہے کہ ” بس آپ نے گھبرانا نہیں ہے”۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کے بیان سے ثابت ہوگیا کہ نہ صرف گھبرائے ہوئے ہیں بلکہ ‘بونترائے’ ہوئے ہیں۔ عمران نیازی نے گھبراہٹ میں پارٹی آئین ہی ختم کر دیا ہے۔ اس وقت پی ٹی آئی بطور جماعت قانونا ختم ہو چکی ہے، پوری قوم اپنے قائد محمد نواز شریف کا استقبال کرنے کے لئے چشم براہ ہے۔

رہنما کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف اور شہباز شریف کے خلاف بس الزامات ہی ہیں، ثبوت کوئی نہیں جب وزیراعظم نواز شریف آئیں گے تو عمران نیازی ، شیدا ٹلی اور کرائے کے ترجمانوں کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔