کامن ویلتھ گیمز 2022؛ کوئنز بیٹن ریلے کی پاکستان آمد

اسپورٹس رپورٹر  پير 27 دسمبر 2021
ایونٹ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر جائے گا، عارف حسن۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ایونٹ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر جائے گا، عارف حسن۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کراچی: کامن ویلتھ گیمز 2022 کی کوئنز بیٹنم ریلے پاکستان پہنچ گئی جب کہ آج برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مارٹن ڈاؤسن پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سپرد کریں گے۔

کامن ویلتھ گیمز کی کوئنز بیٹن ریلے اتوار کو پاکستان کے دورے پر کراچی پہنچ گئی، کراچی میں برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر  مارٹن ڈاوسن پیر کو ایک سادہ تقریب میں مشعل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے حوالے کریں گے۔

سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے احترام میں پیر کو ریلے کے حوالے سے کوئی عوامی سرگرمی نہیں ہوگی، مشعل 31 ممالک کا سفر کرنے کے بعد پاکستان پہنچی ہے،سابق عالمی اسکواش چیمپئن جہانگیر خان اور انٹر نیشنل ریسلر انعام بٹ مشعل تھام کرمارچ کرینگے۔

شیڈول کے مطابق منگل بیٹن ریلے سب سے پہلے بانی پاکستان قائداعظم کے تعلیمی ادارے مدرسۃالاسلام لے جائی جائے گی، بعد ازاں مشعل سہ پہر ڈیڑھ بجے مزار قائد پہنچے گی،اگلے روز بدھ کو مشعل شہر کے قدیم ترین تعلیمی اداریکراچی گرامر اسکول لے جایا جائے گا جبکہ دوپہر ڈھائی بجے لیاری کے معروف ککری گراؤنڈ پر اس کی نمائش ہوگی، اگلے روز مشعل اپنی منزل مالدیپ روآنہ ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز آئندہ برس 28 جولائی تا 8 اگست  انگلستان کے شہر برمنگھم میں شیڈول ہیں۔

دریں اثنا پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر جنرل(ر)سید عارف حسن نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز کی کوئنز بیٹن ریلے کی پاکستان آمد خوش آئند ہے، اس کے کامیاب دورے سے عالمی سطح پر مثبت تاثرجائے گا،پاکستان دولت مشترکہ کے ممالک کے درمیان ہونے والے گیمز میں بھرپور شرکت کریگا،تاہم حکومتی مالی مدد نہ ملنے کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں، قومی گیمزپروگرام کے مطابق کوئٹہ ہی میں ہونگے۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو مقامی ہوٹل میں کراچی میں تعینات برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مارٹن ڈاؤسن کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا،اس موقع پر پی او اے کے سیکریٹری خالد محمود اور فاطمہ لاکھانی بھی موجود تھیں۔

خالد محمود کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ کامن ویلتھ گیمزمیں پاکستان کی کارکردگی بہتر رہے گی،ہم نے اپنا پلان وفاقی حکومت کو بھیج دیا ہے،حکومتی مدد نہ ملنے سیگیمزکی تیاریوں میں تاخیرکاسامنا ہے، دوسال قبل ہی حکومت کو بجٹ پلان بھیج دیا تھا،ابھی تک رقم نہیں ملی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔