کامن ویلتھ گیمز 2022 کی کوئنز بیٹن ریلے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے حوالے

اسپورٹس رپورٹر  پير 27 دسمبر 2021
کامن ویلتھ گیمز کی ریلے پر ملکہ برطانیہ کا پیغام درج ہے۔ فائل فوٹو

کامن ویلتھ گیمز کی ریلے پر ملکہ برطانیہ کا پیغام درج ہے۔ فائل فوٹو

 کراچی: کامن ویلتھ گیمز کی مشعل پاکستان پہنچ گئی جسے برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمیشن نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے حوالے کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  پاکستان لائی جانے والی کامن ویلتھ گیمز کی کوئنز بیٹن ریلے  پی او اے  کی حوالگی کے حوالے سے برطانوی ہائی میشن میں پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

برطانوی ڈپٹی کمشنر مارٹن ڈوسن نے یہ مشعل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر جنرل (ر) عارف حسین کے حوالے کی، جس پر ملکۂ برطانیہ کا پیغام بھی درج ہے۔

اس تقریب میں معروف کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی، جن میں سابق عالمی اسکواش چیمپیئن جانگیرخان،سابق قومی ہاکی کپتان اولمپیئن حسن سردار ، اولمپئن رشید الحسن،اولمپیئن  مہراللہ اور خاتون کراٹے چیمپئن کلثوم ہزارہ بھی  شامل تھے۔

common

ریلے منگل کو پاکستان میں اپنے سفر کا آغاز کرے گی، پہلے مرحلہ میں صبح ساڑھے نو بجے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی ، بعد ازاں دوپہر ایک بجے مزار قائد پر تقریب میں کوئنز بیٹن وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ کے حوالے  کی جائے گی۔

common-1

واضح رہے کہ کوئنز بیٹن ریلے  دولت مشترکہ کے 72 ممالک کاسفر کر کررہی ہے،  جس کے 23ویں پڑاؤ میں اُسے پاکستان پہنچایا گیا،28 جولائی تا 8 اگست  برمنگھم میں ہونے والے گیمز  کی ریلے مجموعی طور پر ایک لاکھ 40 ہزار  کلومیٹر کا سفر  طے کرے گی اور اسے 269 ​​یوم میں یورپ، افریقہ، ایشیا، اوشیانا، کیریبین اور امریکا لے جایا جائے گا، کامن ویلتھ گیمز کی افتتاحی تقریب میں  پہنچ کر ریلے کا سفر اختتام پذیر ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔