ملک بھر میں اومی کرون کیسز کی تعداد 75 تک پہنچ گئی

ویب ڈیسک  منگل 28 دسمبر 2021
کراچی میں سب سے زیادہ 33 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ فائل فوٹو

کراچی میں سب سے زیادہ 33 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ فائل فوٹو

 اسلام آباد: قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) نے ملک بھر میں اب تک سامنے آنے والے اومی کرون کیسز کے اعداد و شمار  جاری کردیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان میں اب تک کرونا کی نئی قسم اومی کرون کے 75 کیسز سامنے آچکے ہیں،  جن میں سے کراچی میں 33، اسلام آباد میں 17 اور لاہور میں 13 مریضوں کو وائرس کی تشخیص ہوئی۔

این آئی ایچ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان میں اومی کرون کا پہلا کیس 13 دسمبر کو کراچی میں رپورٹ ہوا، جس کے بعد سے اب تک صرف کراچی میں 33 افراد کو کرونا کی نئی قسم کی تشخیص ہوچکی ہے۔

سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ ملک بھر میں رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے صرف 12 ایسے ہیں جو بیرونِ ملک سفر کر کے پاکستان واپس پہنچے۔

مزید پڑھیں: کورونا کی نئی قسم اومی کرون اسلام آباد پہنچ گئی

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وصوبائی صحت حکام موجودہ صورتحال پرگہری نظررکھےہوئے ہیں، اومی کرون سےمتاثرہ افرادکو فوری طورپر قرنطینہ کردیا گیا جبکہ اس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ٹریسنگ اور ٹیسٹنگ کا عمل بھی جاری ہے۔

این آئی ایچ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کرونا سے محفوظ رہنے کے لیے ویکسی نیشن لگوائیں،  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کی جانے والی احتیاطی تدابیر (ایس او پیز) پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: اومی کرون اور انسانی صحت کو لاحق خطرات

قومی ادارہ برائے صحت نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ کرونا ویکسین وائرس کے خلاف مؤثر دفاع کرتی ہے، ملک میں ویکسین بھاری مقدار میں موجود ہے لہذا شہری قریبی سینٹرز پر جاکر بغیر انتظار کے ویکسین لگوائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔