حکومت نے صنعت کاروں کا بجلی گھروں کی گیس بحال کرنے کا مطالبہ مان لیا

ویب ڈیسک  منگل 28 دسمبر 2021
کیپٹو پاور سیکٹر کو گیس کی بحالی کل صبح سے ہوگی۔ فائل فوٹو / رائٹرز

کیپٹو پاور سیکٹر کو گیس کی بحالی کل صبح سے ہوگی۔ فائل فوٹو / رائٹرز

 لاہور: سوئی ناردرن گیس کمپنی نے مذاکرات کے بعد کیپٹو پاور سیکٹر اور بجلی گھروں کی گیس مشروط طور پر بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق برآمدی صنعت کا پہیہ رواں رکھنے کے لیے حکومت ، صنعتی شعبے اور سوئی نادرن گیس کمپنی لمیٹیڈ نے بجلی گھروں کو گیس کی ترسیل دوبارہ سے فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ  کیپٹو پاور سیکٹر کو بدھ، 29 دسمبر کی صبح سے گیس فراہمی شروع کردی جائے گی، موسم سرما میں گھریلو صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر پاور سیکٹر کو گیس مخصوص کوٹے کے مطابق دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: کیپٹو پاور کو گیس معطلی، ٹیکسٹائل برآمدات خطرے سے دوچار

ترجمان سوئی ناردرن کے مطابق صنعت کاروں کی جانب سے ٹیرف کے حوالے سے لیے گئے عدالتی آرڈر کو واپس لینے  کی یقین دہانی کے بعد ہی گیس بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سوئی ناردرن گیس لمیٹڈ نے لوڈ منیجمنٹ پروگرام کے تحت کیپٹو پاور سیکٹر کو گیس کی فراہمی 15 دسمبر سے معطل کردی تھی ، جس کے بعد ٹیکسٹائل سے وابستہ صنعت کاروں نے درآمدی صنعتیں  احتجاجاً بند کرنے کا  اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کیپٹو پاور سیکٹر کو لوڈ منیجمنٹ پروگرام کے تحت گیس کی فراہمی معطل

بعد ازاں حکومتی اراکین اور صنعت کاروں کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے، جس کے بعد دونوں فریقین نے لوڈ مینجمنٹ پروگرام کو منظور کرتے ہوئے پر عمل درآمد کرنے کی رضا مندی ظاہر کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔