کراچی میں بارشوں کا امکان ختم، کوئٹہ کی سرد ہوائیں چل پڑیں

اسٹاف رپورٹر  منگل 28 دسمبر 2021
شہر میں 3 روز تک سرد ہوائیں چل سکتی ہیں، 31 دسمبر سے نیا مغربی سلسلہ بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوگا، موسمیات (فوٹو : فائل)

شہر میں 3 روز تک سرد ہوائیں چل سکتی ہیں، 31 دسمبر سے نیا مغربی سلسلہ بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوگا، موسمیات (فوٹو : فائل)

 کراچی: شہر قائد میں مزید بارشیں ہونے کا امکان ختم ہوگیا لیکن سردی کی شدت برقرار ہے، شہر میں کوئٹہ کی یخ بستہ ہوائیں چل پڑیں جن کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر میں بارش کا سبب بننے والے سسٹم کے اخراج کے بعد اب مزید درمیانی اور تیز بارش کا امکان ختم ہوگیا تاہم مغربی سسٹم کے اثرات کے نتیجے میں کہیں کہیں بوندا باندی اور پھوار پڑ سکتی ہے۔

پیر کی صبح 8 بجے سے منگل کی صبح 8 بجے تک (24 گھنٹوں کے دوران) سب سے زیادہ بارش پی اے ایف بیس مسرور پر 27 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ پی اے ایف بیس فیصل پر 26 ملی میٹر، گلشن حدید 22، ناظم آباد 18.2، یونیورسٹی روڈ 17 ملی میٹر، اولڈ ائرپورٹ 13.9، نارتھ کراچی 13.7، جناح ٹرمینل 13.2، سرجانی ٹاؤن 12.6 ملی میٹر، کیماڑی، اورنگی 12.5، سعدی ٹاؤن 12.1 ملی میٹر اور قائد آباد میں 4.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

منگل کو شہر میں کوئٹہ کی شمال مشرقی سمت کی سرد ہوائیں چل پڑیں جس کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، آئندہ 3 روز تک سرد ہوائیں شہر پر اثرانداز رہ سکتی ہیں، 31 دسمبر سے ایک نیا مغربی سلسلہ بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین روز کے دوران مطلع صاف اور رات میں سرد رہنے کی توقع ہے، اس دوران سمندری ہوائیں معطل جبکہ بلوچستان کی مشرقی اور شمال مشرقی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

تین روز کے دوران کم سے کم پارہ 12 سے 14 اور زیادہ سے زیادہ 21 سے 23 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے، منگل کو شہر کا کم سے کم پارہ 15 اور زیادہ سے زیادہ 23.2 ڈگری ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت دھند چھانے کے سبب حدنگاہ کم ہو کر 1200 میٹرز رہ گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔