فلسطینی صدر محمود عباس اسرائیل کے دورے پر تل ابیب پہنچ گئے

ویب ڈیسک  بدھ 29 دسمبر 2021
فلسطینی صدر اسرائیل کے دورے پر تل ابیب پہنچے ہیں، فوٹو: فائل

فلسطینی صدر اسرائیل کے دورے پر تل ابیب پہنچے ہیں، فوٹو: فائل

تل ابيب: فلسطین کے صدر محمود عباس پہلی بار اسرائیل کے دورے پر پہنچ گئے اور وزیر دفاع سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ 

اسرائیلی میڈیا کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے دورہ اسرائیل کے دوران وزیر دفاع بینی گنٹز سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے سیکیورٹی اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

کم و بیش 11 سال بعد کسی فلسطینی صدر نے پہلی بار اسرائیل کا دورہ کیا ہے۔ رواں برس اگست میں اسرائیلی دفاع نے فلسطین اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا تھا اور صدر محمود عباس کو اسرائیل کے دورے کی دعوت دی تھی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے یہودی آباد کاروں کے طرز عمل کے باعث کشیدہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بہت سے سیکیورٹی، اقتصادی اور انسانی مسائل سے نمٹنے کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقاتوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشی اور شہری مفاد میں کیے گئے اقدامات کو جاری رکھا جائے گا جب کہ ایسا سیاسی ماحول بنانے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا جو عالمی قوانین اور قراردادوں کے تحت سیاسی حل کی طرف لے جاسکے۔

یاد رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے اگست میں ہونے والی ملاقات کے بعد کہا تھا کہ فلسطینیوں کے ساتھ کسی طرح کے امن مذاکرات نہ تو جاری ہیں اور نہ آئندہ ہونے کا امکان ہے تاہم انھوں نے فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ تنازعات کو کم کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات سن 2014 میں ہی معطل ہوگئے تھے جس کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں میں توسیع کا سلسلہ جاری ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔