ماسک نہ لگانے پر عمر رسیدہ شخص کو تھپڑ مارنے والی ہالی وُڈ اداکارہ نکلیں

ویب ڈیسک  بدھ 29 دسمبر 2021
معمر مسافر کو تھپڑ لگانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایف بی آئی نے خاتون کو گرفتار کرلیا - فوٹو:ٹوئٹر

معمر مسافر کو تھپڑ لگانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایف بی آئی نے خاتون کو گرفتار کرلیا - فوٹو:ٹوئٹر

فلوریڈا: امریکا میں ایک خاتون نے دورانِ پرواز 80 سالہ مسافر کے ماسک نہ لگانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا اور مسافر کو تھپڑ دے مارا تھا جس کے جرم میں انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ خاتون کوئی اور نہیں بلکہ ہالی وُڈ کی اداکارہ نکلیں

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹیمپا سے اٹلانٹا جانے والی ڈیلٹا ایئر لائن کی پرواز میں پیٹریشیا نے عمر رسیدہ مسافر کو ماسک نہ لگانے پر خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ خاتون معمر مسافر پر نہ صرف چِلائی بلکہ ہاتھ بھی اٹھا لیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی 1 منٹ 51 سیکنڈز پر مشتمل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دورانِ پرواز پیٹریشیا بزرگ مسافر کے سامنے کھڑی ہوکر ماسک نہ لگانے پر اپنے غصے کا اظہار کر رہی ہے جبکہ مسافر انہیں کو نظر انداز کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کھانے پینے میں مصروف ہے۔

اداکارہ مسافر پر چِلاتی رہیں ’ماسک پہنو، ماسک پہنو‘ جبکہ طیارے کا عملہ اداکارہ کو سمجھانے کی کوشش کرتا رہا۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ پیٹریشیا نے غصہ میں آکر 80 سالہ مسافر پر تھوکا بھی ہے۔

اٹلانٹا نیوز ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پوسٹ کی گئی اس ویڈیو کو 90 لاکھ سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں۔ پیٹریشیا کارن ویل کو ایف بی آئی نے گرفتار کیا۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر اداکارہ کے نازیبا رویے کی بھرپور مذمت کی جا رہی ہے۔

ریور بیجورکلنڈ نامی ٹوئٹر صارف نے دیگر صارفین کی توجہ اس بات پر مبذول کرانے کی کوشش کہ کہ مسافر کو کھانے کے دوران ماسک ہٹانے کی بالکل اجازت ہوتی ہے، پیٹریشیا فضائی میزبان نہیں بلکہ خود بھی ایک مسافر ہیں، اس معاملے میں اداکارہ کی اپنی غلطی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔