امریکا میں خط کو اپنی منزل تک پہنچنے میں 68 سال لگ گئے

ویب ڈیسک  جمعرات 30 دسمبر 2021
ڈنمارک سے امریکا بھیجا گیا 68 سال پرانا خط

ڈنمارک سے امریکا بھیجا گیا 68 سال پرانا خط

امریکی ریاست مینیسوٹا میں ایک خط کو اپنی منزل تک پہنچنے میں 68 برس کا عرصہ لگ گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ امریکی خاتون کے ساتھ پیش آیا۔ سوزن نورڈن نامی خاتون اکتوبر میں ہی اپنے نئے گھر میں شفٹ ہوئی تھیں جہاں انہیں ایک خط موصول ہوا جس پر 1953ء کی تاریخ درج تھی اور جن کے نام خط بھیجا گیا تھا وہ مسٹر اینڈ مسز ایڈ نیلسن تھے۔

نورڈن نے کے کیو ڈی ایس ٹی وی کو بتایا کہ میں خط کی تاریخ کو دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئی۔ خط کوپن ہیگن (دارالحکومت ڈنمارک) سے بھیجا گیا تھا اور خط میں کسی جِمی نامی بچے کی پیدائش کی خوش خبری سنائی گئی تھی۔

نورڈن نے جب اپنے گھر کے سابق رہائشیوں کا پتہ لگایا تو وہ مسٹر اینڈ مسز ایڈ نیلسن ہی تھے۔ نورڈن نے ان کے کسی عزیز کو ڈھونڈنے کے لیے فیس بُک کا سہارا لیا اور بالآخر ان کی پوتی سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہوگئیں جن کا نام کونی اینڈرہوم تھا۔

اینڈرہوم کو جب اس خط کا پتا لگا تو وہ جذباتی ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ خط ان کے والدین نے دادا دادی کو بھیجا تھا جس میں ان کے بھائی جِمی کی پیدائش کی خبر دی گئی تھی۔ بھائی کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے۔ یہ خط بھائی کی یادگار کے طور پر ایک بہترین نشانی ہے۔

تاہم اس بات کی ابھی تک تحقیق نہیں ہوپائی کہ خط 68 سال سے کہاں پھنسا ہوا تھا؟

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔