خیبرپختون خوا قائد اعظم ٹرافی کے دفاع میں کامیاب

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 29 دسمبر 2021
فوٹو : پی سی بی

فوٹو : پی سی بی

 کراچی: خیبر پختون خوا نے ناردرن کی ٹیم کو شکست دے کر دوسری بار قائد اعظم ٹرافی اپنے نام کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں قائد اعظم ٹرافی کا پانچ روزہ میچ پختون خوا اور ناردرن کے  درمیان کھیلا گیا۔ جس میں خیبرپختونخوا نے پہلی اننگز میں 374 رنزاسکور کیے، جس کے جواب میں ناردرن کی ٹیم 256 رنز اسکور کرسکی۔

خیبرپختونخوا نے دوسری اننگز میں 265 رنز اسکور کیے  اور ناردرن کو جیت کے لیے 384 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں مخالف ٹیم صرف 214 رنز بنا  کر ڈھیر ہوگئی۔

پانچویں روز کے میچ کی سمری

پانچ روزہ ڈے اینڈ نائٹ فائنل کے آخری دن خیبر پختونخوا نے ناردرن کے خلاف اپنی دوسری اننگز  5 وکٹوں پر152 کے ساتھ شروع کی تو اسے حریف ٹیم کے خلاف مجموعی طور پر 270رنز کی برتری حاصل تھی،آخری 5 کھلاڑیوں نےمزید 113 رنز کااضافہ کیا۔

ریحان آفریدی نے 79، ساجدخان نے39 اور افتخار احمد نے 25 رنز جوڑے، مبصر خان نے 4، وقاص احمد نے3اور محمد نواز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

خیبرپختون خوا نے ناردرن کو کامیابی کے لیے 64 اوورز میں 284رنز کا ہدف دیا،ناردرن کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 45.2اوورز میں214 رنز پر ہمت ہار گئی،ایونٹ کے ٹاپ اسکورر محمد حریرہ نے 49 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیلی، فیضان ریاض نے 49، عمرامین نے33اور محمد نواز نے 24 رنز بنائے، حیدر علی 17 اور روحیل نذیر 7رنز بنا سکے،وقاص اور مبصر خان صفر کی خفت کا شکار ہوئے،آخری چار وکٹیں ساجد خان کے نام رہیں۔

ناردرن کے بلے باز اور ایونٹ میں سب سے زیادہ 967 رنز بنانے والے محمد حریرہ نے آخری اننگز میں جارحانہ بلے بازی کر کے 57 رنز اسکور کیے مگر وہ بھی رائیگاں گئے۔

پختون خوا کے ساجد خان نے آخری اننگز میں ناردرن کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ انہوں نے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں،وسیم جونئیر اور افتخار نے 2،2وکٹیں باہم تقسیم کیں۔

تقریبِ تقسیمِ انعامات

پہلی اننگز میں سینچری جڑنے والے افتخار احمد کو پلئیر آف دی فائنل کا ایوارڈ دیا گیا ۔

خیبرپختونخوا ٹرافی کے ساتھ ایک کروڑ روپے انعام کی حقدار قرار پائی جبکہ  رنز اپ ٹیم کو بطور انعام پچاس لاکھ روپے دیے گئے۔

محمد حریرہ کو ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر پانچ لاکھ روپے بطور انعام دیا گیا جبکہ ناردرن کے علی  عثمان 43  وکٹوں کے ساتھ ٹاپ بولر اور ناردرن کے ہی روحیل نذیر بہترین وکٹ کیپر  قرار پائے جنہوں نے21کیچ پکڑے اور 11اسٹمپڈ کیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔