اداروں کے نجی کاروبار ہیں اس سے بڑا مفاد کا ٹکراؤ کیا ہے؟ اسلام آباد ہائی کورٹ

ویب ڈیسک  جمعرات 30 دسمبر 2021
اسلام آباد میں تمام اداروں نے اپنے اپنے رئیل اسٹیٹ کے بزنس کھولے ہوئے ہیں، چیف جسٹس اطہر من اللہ

اسلام آباد میں تمام اداروں نے اپنے اپنے رئیل اسٹیٹ کے بزنس کھولے ہوئے ہیں، چیف جسٹس اطہر من اللہ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ اداروں نے اپنے نام سے سوسائٹیز بنائی ہیں ان کے پرائیویٹ بزنس ہیں اس سے بڑا مفاد کا ٹکراؤ کیا ہے؟

اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاقی دارالحکومت میں پولیس آرڈر پر عمل درآمد سے متعلق کیس پر سماعت ہوئی۔ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، آئی جی اسلام آباد ، سیکریٹری داخلہ ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

ہائی کورٹ نے کہا کہ پورا سسٹم عام آدمی کے لیے بیٹھا ہے کہ لیکن سب کام اس کے خلاف ہو رہا ہے، ہمیشہ کہا جاتا ہے کہ عدلیہ کا دنیا میں کون سا ریٹ ہو گیا ہے، کیسے قبضے ہوتے ہیں ان سب آفیشلز کو پتہ ہے ایس ایچ او پٹواری ملوث نا ہو تو قبضہ ہو ہی نہیں ہو سکتا ، اداروں نے اپنے نام سے سوسائٹیز بنائی ہیں ان کے پرائیویٹ بزنس ہیں اس سے بڑا مفاد کا ٹکراؤ کیا ہے؟۔ وفاقی حکومت پراسیکوشن برانچ بنانے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ بڑے آدمی کو کچھ ہو جائے تو پوری مشنری ادھر پہنچ جاتی ہے لیکن عام آدمی کے لیے کچھ نہیں کیا جاتا، ڈپٹی کمشنر بے بس ہیں کیونکہ وہ خود کوآپریٹو سوسائٹی کے ہیڈ ہیں ، کیا وزارت داخلہ کی سوسائٹی کے خلاف ڈپٹی کمشنر فیصلہ کر سکتا ہے؟ جو بھی ججمنٹ دی اس کو لیکر دراز میں رکھ دیا جاتا ہے کیونکہ وہ غریب سے متعلق ہوتی ہے، یہاں اسلام آباد میں تمام اداروں نے اپنے اپنے رئیل اسٹیٹ کے بزنس کھولے ہوئے ہیں ، ریاست جس نے عوام کا تحفظ کرنا ہے اس کے آرگنائزر خود کرائم میں ملوث ہیں، ایلیٹس کی اجارہ داری ہے کوئی رول آف لا نہیں ، ایف آئی اے ، داخلہ ، آئی بی سب نے اپنی اپنی ہاؤسنگ سوسائٹیز بنائی ہوئی ہیں ، قبضہ گروپس کو ریاستی اداروں کی جانب سے پروٹیکشن حاصل ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ساٹھ سال پہلے جن کی زمینیں لیں ان کو معاوضے نہیں دئیے گئے ، کون آئے گا ان کمزور لوگوں کے تحفظ کرنے، کیا آپ آئی بی وزارت داخلہ کے رئیل اسٹیٹ بزنس کو کیسے Justify کر سکتے ہیں ؟۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے جواب دیا کہ میں نہیں کر سکتا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ جیسے ہی موٹروے سے اتریں تو بڑا سا بورڈ لگا ہے سپریم کورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی ، رجسٹرار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اس سے متعلق لاچار ہے ، پچھلی سماعت پر بتایا گیا تھا کہ اداروں کے نام پر ہاؤسنگ سوسائٹی رکھنا غیر قانونی ہے، اب یہ ختم ہونا چاہے مفادات کا ٹکراؤ ختم ہونا چاہیے، آپ مجھے بتائیں آئی بی سوسائٹی کی کیا ہسٹری ہے کیا وہ قبضہ گروپس میں ملوث نہیں تھی ؟۔

ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے کہا کہ وزارت داخلہ کا ہاؤسنگ سوسائٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ یہ بہت سنگین معاملہ وفاقی کابینہ اور وزیراعظم کے نوٹس میں لائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔