کورونا مثبت آنے پر خاتون نے ہوائی جہاز کے باتھ روم میں ہی قرنطینہ کرلیا

ویب ڈیسک  جمعـء 31 دسمبر 2021
وہ جہاز جس میں خاتون کے ساتھ واقعہ پیش آیا

وہ جہاز جس میں خاتون کے ساتھ واقعہ پیش آیا

امریکی ریاست شکاگو کی رہائشی امریکی ٹیچر نے فضائی سفر کے دوران کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے پر خود کو ہوائی جہاز کے باتھ روم میں بند کرلیا۔

نیویارک پوسٹ کے مطابق میریسا فوشیو چھٹیاں گزارنے آئس لینڈ جارہی تھیں۔ فضائی سفر کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انہوں نے خود کو 4 گھنٹے تک ہوائی جہاز کے باتھ روم میں بند کیے رکھا۔

خاتون نے بتایا کہ دورانِ سفر ان کے گلے میں درد محسوس ہوا۔ انہوں نے گھر سے نکلتے وقت کورونا کی فوری ٹیسٹ کِٹ رکھ لی تھیں۔ انہوں نے جب باتھ روم میں جاکر ریپڈ ٹیسٹ کیا  تو کورونا پازیٹو آیا۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے ایئر ہوسٹس کو اس بارے میں جب بتایا تو انہوں نے کہا کہ فلائٹ میں اتنی جگہ نہیں جہاں وہ انہیں آئسولیٹ کرسکیں۔ بالآخر طے ہوا کہ میں باتھ روم میں ہی رہوں۔

میریسا کا کہنا تھا کہ انہیں یقین نہیں آرہا کہ انہوں نے 4 گھنٹے باتھ روم میں گزارے، تاہم جب جہاز نے منزل مقصود پر لینڈ کیا تو میریسا کو 10 دنوں کے لیے قرنطینہ کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔