عامر لیاقت حسین کی حالت تشویشناک، اسپتال منتقل

ویب ڈیسک  جمعـء 31 دسمبر 2021
عامر لیاقت کی اسپتال کے بیڈ پر لیٹے ہوئے تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے ، فوٹوسوشل میڈیا

عامر لیاقت کی اسپتال کے بیڈ پر لیٹے ہوئے تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے ، فوٹوسوشل میڈیا

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کو گزشتہ روز طبیعیت خرابی کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا۔

عامر لیاقت حسین کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے گزشتہ روز ٹوئٹ کی گئی کہ ان کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں ساؤتھ سٹی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ عامر لیاقت کی جانب سے یہ ٹوئٹ کرتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور ان کی اسپتال کے بیڈ پر لیٹے ہوئے تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

بعد ازاں اس ٹوئٹ کے چند گھنٹے بعد رکن قومی اسمبلی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک اور ٹوئٹ کے ذریعے اطلاع دی گئی کہ اب ان کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ’’الحمد للہ رب العالمین میری حالت خطرے سے باہر ہے وزیراعظم کا مشکور ہوں جنہوں نے میری صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا۔ تمام اہل پاکستان  کا ہاتھ جوڑ کر شکریہ، بالخصوص بانیان پاکستان کی اولادوں کا جو اسپتال کے باہر بڑی تعداد میں جمع ہوگئے ہیں۔ ملتمس ہوں اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوجائیں۔‘‘

اس ٹوئٹ سے اندازہ ہورہا ہے کہ عامر لیاقت حسین کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے تاہم وہ اب بھی اسپتال میں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔