غیرملکی ڈراموں پر بھاری ٹیکس کا مقصد پاکستانی فلمی صنعت کو تحفظ دینا ہے، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  جمعـء 31 دسمبر 2021
غیرملکی ڈراما درآمد کرنے اور اشتہارات میں غیرملکی ماڈلز لینے پر بھاری ٹیکس عائد کیا گیا ہے، فواد چوہدری

غیرملکی ڈراما درآمد کرنے اور اشتہارات میں غیرملکی ماڈلز لینے پر بھاری ٹیکس عائد کیا گیا ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد: وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا کہنا ہے کہ غیرملکی ڈراموں پر بھاری ٹیکس کا مقصد پاکستانی فلمی صنعت کو تحفظ دینا ہے۔

‏ وفاقی وزیر نے کہا فنانس ترمیمی ایکٹ میں جہاں ایک طرف سینما اور فلم پروڈکشن کی مشینری پر ٹیکس نہیں ہے، وہیں غیرملکی ڈراما درآمد کرنے اور اشتہارات میں غیرملکی ماڈلز لینے پر بھاری ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد پاکستان کی فلمی صنعت اور فنکاروں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

چوہدری فواد حسین نے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول فلم، ڈراما، میوزک اور میڈیا کے شعبہ میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چوہدری فواد حسین  نے کہا پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے۔ فلم، ڈراما اور میوزک کے شعبوں میں پاکستان اور آذربائیجان ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا ازبکستان کے ساتھ مل کر ظہیر الدین بابر پر ایک فلم تیار کی جا رہی ہے، ہم آذربائیجان کے ساتھ بھی فلم اور ڈراما کی صنعت میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پاکستانی ڈراموں کا ترجمہ کرکے آذربائیجان کے عوام کو پیش کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان سیاحت کے لئے خوبصورت اور پرکشش ملک ہے، آذربائیجان کے عوام، فلم ساز اور ڈراما نگار پاکستان کے سیاحتی مقامات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔