سڑک پر کھڑی خاتون سے اجتماعی زیادتی کرنے والے چاروں ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 31 دسمبر 2021
ملزمان خاتون کو بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کرفرار ہوگئے، ایف آئی آر ۔ فوٹو : فائل

ملزمان خاتون کو بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کرفرار ہوگئے، ایف آئی آر ۔ فوٹو : فائل

گوجرانوالہ:  کار سوار چار ملزمان نے حافظ آباد روڈ مان اسٹاپ  پر کھڑی خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا، پولیس نے ملزمان کو گرفتارکرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گوجرانوالہ میں درندگی کا واقعہ پیش آیا جہاں 4 ملزمان نے خاتون کو مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، اور متاثرہ خاتون کو ایک مکان میں بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کرفرار ہوگئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ خاتون کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، متاثرہ خاتون نے بیان دیا ہے کہ وہ گھر جانے کے لئے حافظ آباد روڈ مان اسٹاپ پر کھڑی تھی، کہ کار پر سوار 4 سفاک ملزمان نے گاڑی روکی اور اسے زبردستی کار میں بٹھا لیا، ملزمان اسے نامعلوم مقام پر ایک مکان میں لے گئے اور خاتون کو اجتماعی زیاتی کا نشانہ بنایا، اور بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کرفرار ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق خاتون سے گینگ ریپ کا مقدمہ تھانہ لدھے والہ وڑائچ میں درج کرکے چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جب کہ خاتون کو میڈیکل کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نےخاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے  آر پی او گوجرانوالہ سے واقعہ کی رپورٹ طکب کر لی۔ آئی جی پنجاب نے تفتیش کو جلد مکمل کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے، خواتین اور بچوں پر تشدد ، ہراسمنٹ اور زیادتی کے واقعات پر پنجاب پولیس زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔