اکشے کمار کی فلم ’پریتھوی راج‘ کیخلاف بھارت میں احتجاجی مظاہرے

ویب ڈیسک  جمعـء 31 دسمبر 2021
فلم میں ’راجپوت‘ لفظ حذف کیا جائے ورنہ اس کی نمائش نہیں ہونے دیں گے، گوجر برادری - فوٹو:فائل

فلم میں ’راجپوت‘ لفظ حذف کیا جائے ورنہ اس کی نمائش نہیں ہونے دیں گے، گوجر برادری - فوٹو:فائل

 ممبئی: بھارت میں اکشے کمار کی فلم ’پریتھوی راج‘ ریلیز ہونے سے قبل ہی تنازعہ کا شکار ہوگئی۔ ریاست راجستھان کے شہر اجمیر میں فلم کے خلاف گوجر برادری نے احتجاجی مظاہرے کیے۔

انڈیا ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق راجستھان کی گوجر برادری نے فلم سازوں کو خبردار کیا ہے کہ فلم میں ’راجپوت‘ لفظ حذف کیا جائے ورنہ اس کی نمائش نہیں ہونے دیں گے۔

اکشے کمار کی فلم ’پریتھوی راج‘ بنانے کا اعلان ہوتے ہی تنازعہ کا شکار ہوگئی تھی۔ گوجر برادری سے تعلق رکھنے والوں نے اجمیر میں واقع دیو نارائن مندر کے پاس جمع ہوکر احتجاجی مظاہرہ کیا اور فلم کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فلم سے ’راجپوت‘ کا ذکر ہٹایا جائے۔ مظاہرین نے احتجاجاً مندر کے اطراف کی سڑکیں بلاک کر دیں اور ڈسٹرکٹ کلکٹر کے دفتر میں شکایت دائر کردی۔

آل انڈیا ویر گوجر سماج اصلاح کمیٹی کے صدر ہرچند گوجر نے اپنے بیان میں کہا کہ فلم کا عنوان ’پریتھوی راج‘ تبدیل کیا جائے اور فلم میں تاریخ سے ہونے والے کھلواڑ سے باز رہا جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فلم میں تاریخ کے ہر پہلو کو ایمانداری کے ساتھ دکھانا چاہیے۔

گوجر برادری کا کہنا ہے کہ عظیم حکمران کا تعلق ہماری برادری سے تھا۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ فلم کو سینما گھروں میں ریلیز کرانے سے قبل ہمیں دکھایا جائے تاکہ اس میں تاریخی حوالوں کا جائزہ لیا جا سکے۔

فلم ’پریتھوی راج‘ میں اکشے کمار ہندو حکمران پریتھوی راج چوہان کا کردار نبھا رہے ہیں۔ فلم میں ان کے ساتھ سنجے دت، آشوتوش رانا اور سونو سود بھی شامل ہیں۔ 2017 میں مس ورلڈ کا اعزاز حاصل کرنے والی اداکار مانوشی چھلر اس فلم میں اداکاری کر کے پہلی بار بالی وڈ میں قدم رکھیں گی۔

فلم کو 21 جنوری 2022 کے لیے شیڈول کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔