سنڈے ایکسپریس سال نامہ 202122 اپریل

سنڈے ایکسپریس سال نامہ اسپیشل۔


January 02, 2022
سنڈے ایکسپریس سال نامہ اسپیشل۔فوٹو : فائل

وفاق کا مکمل لاک ڈاؤن سے انکار

یکم اپریل: وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ سندھ کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کورونا پھیلنے سے روکنے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ سے انکار کردیا۔ ملک بھر میں کورونا سے مزید 78 اموات اور4 ہزار757 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

براڈ شیٹ رپورٹ منظر عام پر

وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد براڈ شیٹ کمیشن رپورٹ منظر عام پر آگئی، جس میں بیوروکریسی کے شرم ناک کردار کو بے نقاب کیا گیا ہے۔ برطانوی کمپنی براڈ شیٹ سے نیب کے معاہدے کی تحقیقات کے لیے بنائے گئے جسٹس (ر) عظمت شیخ پر مشتمل ایک رکنی کمیشن نے بیوروکریسی کی جانب سے عدم تعاون کی قلعی کھول دی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بیوروکریسی نے ریکارڈ چھپانے اور گم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، ریکارڈ کو کئی محکموں حتیٰ کہ دوسرے براعظم تک غائب کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیب کے سوا کسی حکومتی اداروں نے کمیشن سے تعاون نہیں کیا، براڈشیٹ کا ریکارڈ تقریباً ہر جگہ بہ شمول پاکستان لندن مشن سے غائب تھا۔

عالمی شہرت یافتہ گلوکار شوکت علی کا انتقال

2اپریل: پاکستان کے مشہور لوک گلوکار شوکت علی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے، وہ طویل عرصے سے جگر کے عارضے میں مبتلا اور سی ایم ایچ اسپتال لاہور میں زیرعلاج تھے۔گجرات ملاکوال کے فن کار گھرانے سے تعلق رکھنے والے لوک گلوکار شوکت علی نے صوفیانہ کلام اور پنجابی گانوں کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا، 1965ء کی جنگ میں مسعود رانا کے ساتھ ان کا گایا ہوا ملی نغمہ ''جاگ اٹھا ہے سارا وطن ساتھیو، مجاہدو'' اب بھی لہو گرماتا ہے، حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں 1990ء میں پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کا نیا طوفان

ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح 7 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 17.21 فی صد رپورٹ کی گئی۔ ایک ہفتے کے دوران 15 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔

کراچی: گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

3 اپریل: کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہونے سے شہر میں حبس کی شدّت بڑھ گئی، درجۂ حرارت 44 ڈگری تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے کراچی میں ہیٹ ویو کی ایڈوائزری جاری کی، جس کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدید لہر نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔

کورونا سے دنیا میںبڑھتی ہوئی ہلاکتیں

کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں28 لاکھ50 ہزار 385 ہوئیں۔ کیسز13 کروڑ8 لاکھ7 ہزار سے تجاوز کرگئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا کورونا سے متاثرہ ممالک میں پہلے نمبر پر جہاں ہلاکتیں 56 لاکھ7 ہزار610 ہوئیں۔

کالعدم جماعت الدعوۃ کے راہ نماؤں کو سزائیں

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے 6 راہ نماؤں کو فنڈز اکٹھا کرنے کے الزام میں قید کی سزا سنا دی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز بٹر نے ٹرائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا اور جماعت الدعوۃ کے پروفیسر ظفراقبال، محمد یحییٰ مجاہد، نصراﷲ، سمیع اﷲ اور عمر بہادر کو کالعدم جماعت کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے جرم میں 9، 9 سال قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے مجرمان کو 50، 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔ جماعت الدعوہ کے پروفیسر حافظ عبدالرحمٰن مکی کو 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ مجرمان پر پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے 2020 میں مقدمہ درج کیا تھا۔

دہشت گردوں نے جج کو اہل خانہ سمیت شہید کردیا

4 اپریل: نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج آفتاب آفریدی، ان کی اہلیہ اور 2 بچوں کو شہید کردیا۔ دہشت گردی کا یہ افسوس ناک واقعہ صوابی کے قریب انبار انٹر چینج کے قریب پیش آیا۔ نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے جج آفتاب آفریدی کے 2 محافظ زخمی ہوگئے۔ دہشت گردی کا شکار خاندان پشاور سے اسلام آباد آرہا تھا۔

ماؤنواز باغیوں کا بھارتی فوجیوں پر حملہ

بھارتی ریاست چھتّیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں کے حملوں میں 22 فوجی اہل کار ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے۔

اردن: بغاوت کی کوشش ناکام

اردن کے شاہ عبداﷲ دوئم کی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش ناکام بناتے ہوئے سابق ولی عہد حمزہ بن حسین سمیت 20 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ سابق ولی عہد اور شاہ عبداﷲ کے سوتیلے بھائی حمزہ بن حسین کو اہل خانہ سمیت ان کے گھر میں نظر بند کردیا گیا۔

پی ڈی ایم اتحاد بکھر گیا

6 اپریل:حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اتحاد ٹوٹ گیا۔ عوامی نیشنل پارٹی نے پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔ اے این پی راہ نماؤں نے پی ڈی ایم کے تمام عہدے چھوڑ دیے۔ عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت نے مشاورت کے بعد شوکاز کے معاملے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی ایم سے راہیں جدا کرلیں۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم کے شوکاز نوٹس کا سخت جواب دینے کا فیصلہ کیا۔ چیئرمین بلاول زرداری نے پارٹی کے سینیر راہ نماؤں کو سخت جواب دینے کی ہدایت کی۔

آئی ایم ایف کی پاکستان کی معیشت پر رپورٹ

آئی ایم ایف نے پاکستان کی معیشت سے متعلق ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا کہ رواں سال پاکستان کی ترقی کی شرح منفی اعشاریہ 4 رہنے کا امکان ہے، مہنگائی10فی صد سے زیادہ رہے گی۔ اسی طرح پاکستان میں بے روزگاری بڑھنے کا بھی خدشہ ہے، رواں سال پاکستان میں بے روزگاری کی شرح ساڑھے4 فی صد رہے گی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگلے سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح 8 اعشاریہ7 فی صد رہنے کا امکان ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا خدشہ

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے خدشہ ظاہر کیا کہ پاکستان میں کورونا ویکسین کی خریداری سے 30 ارب روپے کا نقصان ہو سکتا ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے وفاقی وزیر اسدعمر کا باضابطہ طور پر خط لکھا گیا جس میں کورونا ویکسین کی فروخت میں مبینہ گھپلوں کی نشان دہی بھی کی گئی۔

فیفا: پاکستان کی رکنیت معطل

فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت معطل کردی۔ فیفا کونسل کے بیورو کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت اس کے معاملات میں تیسرے فریق کی مداخلت کے باعث فوری طور پر معطل کردی گئی ہے۔

بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ یہ صورت حال ایسے وقت میں پیدا ہوئی جب پی ایف ایف کے لاہور میں قائم ہیڈ کوارٹر پر احتجاج کرنے والے ایک گروہ نے قبضہ کرلیا اور انہوں نے ہارون ملک کی صدارت میں قائم پی ایف ایف کی نارملائزیشن کمیٹی جو فیفا کی جانب سے قائم کی گئی تھی، کو ہٹا کر پی ایف ایف کے معاملات سید شفقت حسین شاہ کے حوالے کردیے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملازیشن کمیٹی کو اختیارات کی واپسی تک پاکستان کی رکنیت معطل رہے گی۔

پاکستان بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹ میں داخل

پاکستان 3 سال سے زاید کے عرصے کے بعد بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹ میں داخل ہوگیا۔ پاکستان نے 5 ، 10اور30 سال کے یورو بانڈز کے ذریعے 2.5 ارب ڈالر حاصل کیے۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق یورو بانڈز کے سودے کے حوالہ انویسٹر کال اور آرڈر بک میں ایشیا، مشرق وسطی یورپ اور امریکا کے بڑے سرمایہ کاروں نے اپنی گہری دل چسپی ظاہر کی ہے۔ پاکستان نے گلوبل میڈیم نوٹ پروگرام کی رجسٹریشن کے ذریعے پہلی بار پروگرام کی بنیاد پر مبنی حکمت عملی اپنائی ہے۔ اس پروگرام کے نتیجے میں پاکستان مختصر نوٹس پر کیپٹل مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکے گا۔

پاکستان کی بھارت کو پھر مذاکرات کی پیش کش

9 اپریل: پاکستان نے بھارت کو پھر مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں ہے۔

مہنگائی کی مجموعی شرح 18.43 فی صد تک پہنچ گئی

ملک میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی مجموعی شرح 18.43 فی صد تک پہنچ گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پی ٹی آئی کو دھچکا

10 اپریل: ڈسکہ این اے 75 میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیّدہ نوشین افتخار نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار علی اسجد ملہی کو شکست دے کر میدان مار لیا۔

اسرائیلی دہشت گردی

قابض اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں سال کے پہلے 3 ماہ میں 18 فلسطینی شہید کردیے گئے۔

سوئس کیسز کی تحقیقات

وفاقی کابینہ نے2011 سے 2017 کے دوران تعینات نیب کے دو سابق چیئرمین اور افسران کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے سے تحقیقات کرانے کی منظوری دی۔ وفاقی کا بینہ کی جانب سے نیب کے مذکورہ دور کو کارکردگی کے لحاظ سے تاریک ترین قرار دیا گیا۔ نیب افسران نے عدالت کو گم راہ کرتے ہوئے تن دہی سے سوئس کیسز بند کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اصل ریکارڈ دست یاب ہونے کے باوجود سوئس کیسز بند کرائے گئے۔

کورونا کا ہلاکت خیز دن

11 اپریل: پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر نے شدت اختیار کرلی ہے، رواں سال میں اب تک سب سے زیادہ ہلاکت خیز دن رہا، کورونا وائرس میں مبتلا مزید 114افراد جاں بہ حق ہوگئے جب کہ 5 ہزار 50 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

میانمار فوجی حکومت کا کریک ڈاؤن

میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر سیکیوریٹی فورسز کے کریک ڈاون میں مزید 82 افراد ہلاک ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق سیکورٹی فورسز نے باگو شہر میں فائرنگ کر کے 82 سے زاید افراد کو ہلاک کردیا۔

پیپلز پارٹی مستعفی

12 اپریل:پیپلز پارٹی نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

تحریک لبیک کے امیر سعدرضوی گرفتار

مرکزی امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ محمد سعد حسین رضوی کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔ وہ لاہور میں ایک نماز جنازہ میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے۔

معروف صحافی آئی اے رحمن اور ضیا شاہد انتقال کرگئے

انسانی حقوق کے حوالے سے ملک کے معروف ایکٹیوسٹ اور صحافی آئی اے رحمن انتقال کرگئے۔ وہ 1930ء میں ہریانہ، بھارت میں پیدا ہوئے، بعدازآں لاہور میں سکونت اختیار کی۔ ان کی عمر 90 برس تھی۔ آئی اے رحمن نے انسانی حقوق کمیشن کے ذریعے عوامی حقوق کی جدوجہد سمیت آزادی اظہار، انصاف کی فراہمی اور آئین کے تحفظ کے لیے قلم سے جدوجہد کی، ایچ آر سی پی کے بانی تھے، انہوں نے تین کتابیں بھی لکھیں۔ ممتاز صحافی اور تجزیہ نگار ضیاء شاہد بھی علالت کے باعث لاہور میں انتقال کرگئے۔ ضیاء شاہد روزنامہ خبریں کے چیف ایڈیٹر تھے۔ مرحوم گردوں کے عارضے سمیت دیگر امراض میں مبتلا اور اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

تحریک لبیک کا ملک گیر احتجاج

13 اپریل: کراچی، لاہور، اسلام آباد اور راول پنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تحریک لبیک پاکستان کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا۔ کئی مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے باعث 2 پولیس اہل کار جاں بہ حق جب کہ 97 اہل کار اور ٹی ایل پی کارکنان بھی زخمی ہوئے۔

امریکا کا افغانستان سے11 ستمبر تک افواج نکالنے کا فیصلہ

امریکا طالبان معاہدے کے تحت فوجوں کو یکم مئی سے پہلے افغانستان سے نکلنا طے پاگیا۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے رواں سال گیارہ ستمبر تک افغانستان سے تمام امریکی افواج نکالنے کا فیصلہ کرلیا۔ افغان طالبان نے معاہدے کے مطابق انخلا نہ ہونے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی۔

بلوچستان تحصیل حب میں دھماکا

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل حب میں فٹ بال میچ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔ حب میں الہ آباد ٹاؤن کے علاقے میں شہدائے پولیس کے اعزاز میں منعقدہ فٹ بال میچ کے دوران زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔

عالمی مالیاتی فنڈ کی پاکستان کو قرض نہ دینے کی دھمکی

14 اپریل: آئی ایم ایف نے پاکستان سے بجلی مزید مہنگی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے قرض نہ دینے کی دھمکی دی۔

افغانستان: طالبان کے حملے

افغانستان میں رمضان کے پہلے روز طالبان کے مختلف حملوں میں 23 سیکیوریٹی اہل کار ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ یہ حملے بلخ، بدخشاں، لوگر، بغلان اور تخار صوبے میں کیے گئے۔

تحریک لبیک پر پابندی

15 اپریل: وفاقی حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگادی۔ وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجی گئی سمری کی منظوری کرلی گئی، جس کے بعد وزارت داخلہ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دینے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن میں الزام عاید کیا گیا ہے کہ ٹی ایل پی ملک میں دہشت گردی اور دوسرے گھناؤنے جرائم میں ملوث ہے، لوگوں کو اکسا کر انتشار پیدا کیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کاروں کی اموات اور زخمی کرنے میں ملوث ہے۔

فرانس کی اپنے شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت

فرانسیسی سفارت خانے نے تمام فرانسیسی شہریوں اور کمپنیوں کو فوری طور پر پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کردی۔ فرانسیسی سفارت خانے کی جانب سے اپنے شہریوں کو ارسال کردہ ای میل میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں فرانسیسی مفادات کو لاحق سنگین خطرات کے باعث پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ دوسری طرف فرانسیسی سفارت خانے میں پریس اتاشی ویرونک وینگر نے اس بات کی تصدیق کی کہ ہم نے احتیاطی طور پر پاکستان میں موجود اپنے تمام شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارا سفارت خانہ ابھی بند نہیں ہوا اور محدود عملے کے ساتھ کام کررہا ہے۔

اقوام متحدہ کو پاکستان کے نظام انصاف پر تشویش

16 اپریل: اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نظام انصاف کا جھکاؤ امیر اور طاقت ور کی طرف نظر آتا ہے۔ پاکستان میں عدم مساوات کی وجوہات پر بنائی گئی اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رسمی نظام انصاف کم آمدنی والے طبقے کی پہنچ سے باہر ہے، طاقت ور طبقہ اور کم زور طرز حکم رانی پاکستان میں عدم مساوات کو بڑھانے کا سبب بن رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر ملک کی اصل دولت لوگ ہوتے ہیں تو پاکستان اس دولت سے مالا مال غریب ملک ہے، پاکستان میں امیر لوگوں کو بہترین مواقع میسر ہیں جب کہ غریب روکھی سوکھی پر گزر بسر کرنے پر مجبور ہے۔

شوکت ترین نئے وزیرخزانہ

تحریک انصاف کی حکومت نے ایک مرتبہ پھر وزراء کے قلم دانوں تبدیل کردیے اور شوکت فیاض احمد ترین کو چوتھا وزیر خزانہ مقرر کردیا۔

جہانگیر ترین گروپ کی دھمکی

17 اپریل: پاکستان تحریک انصاف کے 30 سے زاید اراکین اسمبلی نے جہانگیر ترین کی حمایت میں اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی پیشکش کردی۔ تحریک انصاف کے راہ نماء جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور وزراء کا اجلاس ہوا، جس میں 30 سے زاید ارکان اسمبلی نے شرکت کی اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرایع کے مطابق ارکان نے مستعفی ہونے کی پیش کش کی جسے وقتی طور پر پذیرائی نہ مل سکی۔ ارکان کی رائے تھی کہ اگر ناانصافیاں جاری رہیں تو استعفے کا آپشن استعمال کیا جائے۔

کالعدم تحریک لبیک کے مظاہرین پر فائرنگ چار ہلاک

18 اپریل: لاہور میں مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 مظاہرین ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ کالعدم تحریک لبیک کے کارکنان لاہور میں ملتان روڈ پر یتیم خانہ چوک کے قریب پارٹی کے صدر دفتر کے باہر اپنے سربراہ سعد حسین رضوی کی گرفتاری کے خلاف اور فرانسیسی سفیر کی بے دخلی کے لیے نعرے بازی کررہے تھے۔ اتوار کی صبح 8 بجے پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر احتجاج کو ختم کرنے کے لیے کریک ڈاؤن شروع کردیا۔ اس دوران مظاہرین پر شیلنگ اور فائرنگ کی۔ پولیس نے یتیم خانہ چوک کی جانب جانے والے تمام راستے بند کر دیے۔

سندھ: 350 ارب روپے کی غبن کی نیب تحقیقات

حکومتِ سندھ کو وفاق کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے لیے دی گئی 350 ارب روپے غبن کی تحقیقات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے وفاق کی جانب سے سندھ کے ترقیاتی کاموں کے لیے دیے گئے 350 ارب روپے کی خوردبرد کی اطلاعات پر تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ رقم سندھ کے ڈی سیز کے ذریعے عوامی بنیادی حقوق پر خرچ ہونا تھی، 350 ارب روپے خرچ تو کردیے گئے مگر ایک منصوبہ موجود نہیں۔ ذرائع نے مزید کہا کاغذوں میں اداروں کا اپنا سالانہ بجٹ اور وفاقی رقم بھی منصوبوں پر لگا دی گئی اور ان منصوبوں پر ترقیاتی کام نہیں کیا گیا۔

امریکا کی افغان عوام کو اپنا دفاع خود کرنے کی تلقین

19 اپریل: وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیون نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد کوئی اس کے مستقبل کی ضمانت نہیں دے سکتا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکی صدر جوبائیڈن کا افغانستان میں دوبارہ امریکی افواج بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں، اب افغان عوام کے آگے بڑھنے اور اپنے ملک کے خود دفاع کرنے کا وقت آگیا ہے۔

گھریلو تشدد تدارک و تحفظ بل 2020ء منظور

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسلام آباد میں رہائش پذیر بزرگ شہریوں کی بہبود، آرام اور وقار کے اہتمام کا بل 2020ء اور خواتین بچوں، بزرگوں اور کسی غیرمحفوظ شخص کو گھریلو تشدد سے تحفظ فراہم کرنے، ریلیف دینے اور بحالی کے موثر نظام کے لیے

گھریلو تشدد تدارک و تحفظ بل 2020ء منظور کرلیے گئے۔ بل وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے پیش کیے۔

کالعدم تحریک لبیک دھرنے ختم، مقدمات برقرار

20 اپریل: حکومت سے مذاکرات کے بعد کالعدم تحریک لبیک نے لاہور میں مرکزی دھرنے اور احتجاج ختم کر دیا۔ ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کو رہا نہیں کیا گیا اور اس معاملے پر حکومت خاموش ہے جب کہ تنظیم پر پابندی اور مقدمات بھی برقرار ہیں۔ دھرنا ختم کرنے کا اعلان تحریک لبیک کے مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ علامہ شفیق امینی نے کیا۔ شفیق امینی نے کہا کہ حکومت نے قرار داد قومی اسمبلی میں پیش کرکے اپنا وعدہ پورا کیا، قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد پر بحث بھی کی گئی، ہمارے اہم مطالبے پر عمل ہو چکا ہے، اب احتجاج اور دھرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

ترکی ''افغان امن کانفرنس'' ملتوی

21 اپریل: ترکی میں 24 اپریل سے شروع ہونے والی افغان امن کانفرنس پھر ملتوی کردی گئی۔ ترک وزیرخارجہ میولوت چاوش اولو کا کہنا ہے کہ کانفرنس کو طالبان کی شرکت یقینی نہ ہونے پر ملتوی کیا گیا کیوں کہ طالبان کے بغیر کانفرنس کا کوئی مقصد حاصل نہیں ہوسکتا۔

پاکستان، اقوام متحدہ کے3 اہم اداروں کی رکنیت حاصل کرنے میں کام یاب

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے انتخابات میں پاکستان نے اقوام متحدہ کے 3 اہم اداروں جرائم کی روک تھام اور کریمنل جسٹس سے متعلق کمیشن، سی سی پی سی جے (خواتین کی حیثیت سے متعلق کمیشن (CSW) اور پاپولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ سے متعلق کمیشن) سی پی ڈی کی رکنیت حاصل کر لی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ کمشنز مختلف معاشرتی اور معاشی امور پر عالمی تعاون بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

یہ انتخابات اقوام متحدہ کے54 رکنی پرنسپل آرگنائزیشن اقتصادی و سماجی کونسل (ای سی او ایس او سی) میں منعقد ہوئے۔ سی سی پی سی جے اور سی پی ڈی کے لیے پاکستان کا انتخاب اقتصادی و سماجی کونسل کے تمام ارکان کی جانب سے اتفاق رائے سے عمل میں لایا گیا جب کہ سی ایس ڈبلیو کے انتخاب کے لیے پاکستان نے 50 ووٹ حاصل کیے۔ پاکستان ان تینوں کمیشنوں کی رکنیت یکم جنوری 2022 ء سے سنبھالے گا۔

کوئٹہ میں بم دھماکا

کوئٹہ کے ریڈزون میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد جاں بحق اور 11 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کی زرغون روڈ پر واقع سرینا چوک پر نجی ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکا ہوا۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے باعث پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس پر قابو پالیا گیا جب کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خیز مواد گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔

افغانستان : صوبے پراون اور غور میں حملے

22 اپریل:افغانستان کے صوبے پراون اور غور میں حملوں کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد میں 3 طالب علم اور پولیس اہل کار سمیت حکومتی عہدے دار شامل تھے۔ پہلا واقعہ صوبے غور میں پیش آیا جہاں طالبان نے گاڑی روک کر 4 افراد کو گولیاں ماریں جب کہ پراون میں طالبان نے چیک پوسٹ پر حملہ کرکے پولیس اہل کار کو ہلاک کردیا۔

کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے فوج طلب کرنے کا فیصلہ

23 اپریل:وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے پاک فوج سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے' احتیاط نہ کی تو آنے والے دنوں میں بھارت جیسے حالات ہوجائیں گے۔ کورونا کے حوالے سے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزراء کے ساتھ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی تیسری لہر نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، دیگر ممالک کی نسبت ہمارے پڑوسی ملک میں ابتر حالات ہیں، وہاں اسپتالوں میں گنجائش اور آکسیجن کی کمی کے باعث لوگ مر رہے ہیں۔

پاکستان: عالمی بینک کی 40 کروڑ ڈالر کی معاونت

عالمی بینک کے انتظامی بورڈ نے خیبر پختون خوا میں صحت اور تعلیمی خدمات میں سرمایہ کاری میں تیزی لانے کے لیے 40 کروڑ ڈالر کی معاونت کی منظوری دے دی۔ یہ معاونت انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔ عالمی بینک نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا میں اسپیڈ پروگرام سے صوبائی حکومت کو صحت اور تعلیمی خدمات کے شعبوں میں انسانی کیپٹل میں سرمایہ کاری کے لیے منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔

پاکستان: کورونا 24 گھٹنے میں ریکارڈ157اموات

24 اپریل: ملک پھر میں ریکارڈ اموات اور 5 ہزار908 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے، حکومت کی جانب سے حالات بہ دستور رہنے پر مکمل لاک ڈاؤن کا عندیہ دیا، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر ہفتے میں دو روز کے لیے پابندی عاید کردی گئی۔ آکسیجن فراہم کرنے والی کمپنیوں نے خبردار کیا ہے کہ آکسیجن کی صنعتی شعبے کو فراہمی نہ روکی گئی تو اسپتال میں سپلائی متاثر ہوسکتی ہے، ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کے لیے فوج سڑکوں پر آگئی۔

پاکستان: نیکٹا کی کارروائی

نیکٹا نے دہشت گردی، نفرت اور شرانگیزی پھیلانے والے ہزاروں سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کردیے، بلاک اکاؤنٹس میں 9 ہزار633 پیجز مذہبی منافرت جب کہ 10ہزار94 اکاؤنٹس دہشت گردی پھیلا رہے تھے۔ سوشل میڈیا اکاؤنٹس فیس بک، ٹوئٹر اور گوگل نے بند کیے۔ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے مطابق ملک میں دہشت گردی اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والے 19ہزار727 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بند کردیے گئے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی قوم سے بہ راہ راست اپنے خطاب میں کہا تھا کہ 380 بھارتی گروپ واٹس ایپ پر فیک نیوز چلا رہے تھے، 4 لاکھ ٹویٹس میں70 فی صد فیک اکاوَنٹس سے کی گئیں۔ انہوں نے کالعدم ٹی ایل پی ایشو پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 4 لاکھ ٹویٹس کا تجزیہ کیا، 70 فی صد ٹویٹس فیک اکاوَنٹس سے کی گئیں۔

کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں3112817

25 اپریل: کیسز 14کروڑ 70 لاکھ53 ہزار سے تجاوز کرگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کورونا سے متاثرہ ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جہاں ہلاکتیں3112817ہوگئیں۔ کیسز 14 کروڑ 70 لاکھ 53 ہزار سے بڑھ گئے۔ بھارت کورونا سے متاثرہ ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں ہلاکتیں 192310ہوگئیں۔ برازیل کورونا سے متاثرہ میں تیسرے نمبر پر ہے۔

ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ اور یورپی یونین جانے کا عزم

26 اپریل: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے ہم ایک نقطۂ نظر کے ذریعے اقوام متحدہ اور یورپی یونین جائیں گے، اس کا آغاز ہم کرچکے۔ 4 مسلمان ملکوں کے سربراہوں سے بات کرلی ہے، وہ سب ہم سے متفق ہیں، حکومت کے 5 سال پورے ہونے سے پہلے قوم کو خوش خبری دوں گا کہ یورپ اور امریکا میں ہمارا پیغام جاچکا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک جماعت نے کنپٹی پر بندوق رکھ کے کہا فرانس کے سفیر کو واپس بھیجو، ٹی ایل پی کا طریقہ ہے اسلام آباد پر ہلاّ بولو، مظاہرے اور توڑ پھوڑ کرو، پاکستان میں 100سال بھی توڑ پھوڑ سے یورپ میں گستاخی ختم نہیں ہوگی جب کہ مسلم حکم رانوں کے ساتھ جدوجہد کا ہمارا طریقہ کام یاب ہوگا۔

سپریم کورٹ کی ایف آئی اے کی سرزنش

27 اپریل: سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کے53 ملازمین کو فوری فارغ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء کو پندرہ دن میں عمل درآمد رپورٹ جمع کرانے کا حکم جاری کیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اثر انداز نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملازمین دوسری عدالتوں میں چلے گئے، آج ہی ان ملازمین کو فارغ کریں۔ عدالت نے کیس نمٹاتے ہوئے حکم دیا کہ جن ملازمین نے ایف پی ایس سی ٹیسٹ پاس نہیں کیا ان کو فوری طور پر نوکریوں سے فارغ کیا جائے ۔

میڈ ان پاکستان وینٹی لیٹر

28 اپریل: پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن (پی اے ای سی) نے قومی توقعات پر پورا اترتے ہوئے کورونا کی وبا کے تناظر میں ملکی وسائل سے تیار کردہ پہلا آئی سی یو وینٹی لیٹر (آئی لیو) کے نام سے متعارف کرا دیا ہے، ڈریپ نے اس وینٹی لیٹر کے استعمال اور تیاری کی باقاعدہ منظوری دے دی۔

چین: سفاک دہشت گرد کا اسکول پر حملہ 16بچے شدید زخمی

چین میں سفاک شخص نے پرائمری اسکول میں گھس کر چاقو سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 16بچے شدید زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق یہ واقعہ چین کے خودمختار علاقے گوانگشی کے ایک کنڈرگارٹن اسکول میں پیش آیا۔ چاقو بردار شخص نے زبردستی اندر داخل ہوکر بچوں پر حملہ کردیادفاع کرنے والے 2 اساتذہ کوبھی لہولہان کردیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے چاقو بردار 24 سالہ نوجوان کو حراست میں لے لیا، تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

8 سے 16 مئی: عوام کی نقل و حرکت روکنے کی حکمت عملی

29 اپریل:نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں 8 سے 16 مئی 2021ء کے دوران عوام کی نقل و حرکت روکنے کی حکمت عملی کا اعلان کیا، جس میں 10 سے 15 مئی تک عید کی چھٹیوں کا اعلان بھی شامل تھا۔ 6 ہزار میٹرک ٹن آکسیجن اور 5 ہزار سلنڈر درآمد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

یورپی پارلیمنٹ میں پاکستان کے خلاف قرارداد منظور

30 اپریل: توہین مذہب کا قانون ختم کرنے کا مطالبہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لینے کی دھمکی۔ یورپی پارلیمنٹ نے فرانس سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی ہے۔ 6 کے مقابلے میں 681 ارکان نے قرارداد کی حمایت کی۔ نفرت سے بھرپور اس قرارداد میں توہین مذہب کا قانون ختم نہ کرنے کی صورت میں پاکستان کو جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لینے کی دھمکی دی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس پر نظرثانی کی جائے۔ اس پیش رفت کے تحت یورپی یونین نے یہ اقدام پاکستان میں صحافیوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں پر آن لائن اور آف لائن بڑھتے ہوئے حملوں کی وجہ سے بھی اٹھایا۔ اس قرارداد سوئیڈن سے تعلق رکھنے والے یورپی پارلیمنٹ کے رکن چارلی ویمرز نے پیش کی ۔

اسرائیل: مذہبی اجتماع میں بھگدڑ سے 44 یہودی ہلاک

اسرائیل میں مذہبی اجتماع میں بھگدڑ مچنے سے 44 یہودی ہلاک اور 150زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہودیوں کا مذہبی میلہ اسرائیل کے شہر میرون میں جاری تھا جہاں یہودیوں کی بڑی تعداد سالانہ عوامی اجتماع میں شریک تھی۔ اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے اسے بڑی تباہی قرار دیتے ہوئے ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کیا ۔

افغانستان سے نیٹو افواج کی واپسی

طالبان کے ساتھ طے پانے والے امن معاہدے کی پاس داری کرتے ہوئے نیٹو افواج نے افغانستان سے انخلا کا آغاز کردیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیٹو اتحادیوں نے اپریل کے وسط میں افغانستان سے انخلا کا فیصلہ کیا تھا جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے اب غیرملکی فوجیوں کی واپس اپنے ملکوں کو روانگی کا آغاز ہوگیا۔ نیٹو حکام نے مزید کہا کہ اولین ترجیح ہمارے فوجیوں کی محفوظ راستوں کے ذریعے اپنے ملکوں کو بہ حفاظت روانگی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں