نئے سال میں بدلتا کم جونگ ان جوہری ہتھیاروں کے بجائے معیشت کی بحالی پر زور

پہلی بار تقریر میں جنگی دھمکیاں، میزائلوں کے تجربات اور جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے بجائے معیشت پر زور رہا


ویب ڈیسک January 01, 2022
کم جونگ اُن کافی عرصے بعد منظر عام پر آئے اور ان کا وزن کافی کم ہوگیا ہے، فوٹو: اے ایف پی

MADRID: شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے اپنی حکمرانی کے 10 سال پورے ہونے اور سال نو کی تقریب سے خطاب میں 2022 کے لیے اپنے منصوبوں میں روایت کے برخلاف جوہری ہتھیاروں کے بجائے معیشت کی بحالی پر زور دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ ان کے خیالات اور اہداف میں نمایاں تبدیلی آئی ہے جس کا اظہار انھوں نے حکمرانی کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر کی گئی تقریر میں کیا۔

میزائلوں کے تجربات اور جوہری ہتھیاروں کی تیاری پر ہر وقت کمر بستہ کم جونگ اُن نے اپنی تقریر میں اقتصادی ترقی اور اپنے شہریوں کی زندگیوں میں بہتری لانے پر توجہ مرکوز رکھی۔

حریفوں کو دھمکیاں دینے اور طبل جنگ بجانے کے بجائے کم جونگ اُن نے ملک کو درپیش معاشی بحرانوں کی نشاندہی کی جہاں خود ساختہ انسداد وبائی سرحدی لاک ڈاؤن نافذ کرکے شمالی کوریا خود کو دنیا سے الگ تھلگ کر چکا ہے۔

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ کی تقریر میں جوہری ہتھیاروں یا امریکا سے زیادہ ٹریکٹرز، فیکٹریوں اور اسکول یونیفارم کا تذکرہ تھا۔ انھوں نے کہا کہ 2022 کے لیے شمالی کوریا کے اہم اہداف اقتصادی ترقی اور لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانا ہوں گے کیونکہ اسے زندگی اور موت کی عظیم جدوجہد کا سامنا ہے۔

اس سے قبل کم جونگ اُن فوجیوں سے خطاب کے دوران اپنے شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر کرنے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے زار و قطار رو پڑے تھے۔ کم جونگ اُن کا وزن بھی کافی کم ہوا ہے اور ان کی صحت سے متعلق افواہیں بھی زیر گردش ہیں اور مملکت کے زیادہ تر امور ان کی بہن دیکھ رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں