اسٹور سے چاکلیٹ خریدنے والا شخص 10 لاکھ ڈالر جیت کر لوٹا

امریکی شخص ڈینس وِلوبی نے بچوں کے لیے چاکلیٹ خریدی تو ایک لاٹری ٹکٹ خرید کر ایک ملین ڈالر رقم جیت لی


ویب ڈیسک January 03, 2022
تصویر میں امریکی شخص ڈینس وِلوبی دس لاکھ ڈالر لاٹری جیتنے کے بعد مسرور نظر آرہے ہیں۔ فوٹو: سی این این

جب قدرت مہربان ہوتی ہے تو ایسا ہی ہوتا ہے۔ ایک امریکی شخص اپنے بچوں کے لیے چاکلیٹ اور دودھ لینے ایک چھوٹے اسٹور میں گیا اور واپس آیا تو وہ دس لاکھ ڈالر یعنی 17 کروڑ پاکستانی روپے جیت چکا تھا۔

نارتھ چیسٹر فیلڈ کے ڈینس وِلوبی چاکلیٹ اور دودھ لے کر اسٹور سے باہر آرہے تھے کہ انہوں نے ایک اسکریچ لاٹری کارڈ خریدا۔ انہوں نے کارڈ کو وہیں کریدا اور نمبر ملائے تو وہ پلاٹینم لاٹری جیت چکے تھے۔ واضح رہے کہ پلاٹینم انعام سب سے بڑا ہوتا ہے۔

ورجینیا لاٹری کے ترجمان کے مطابق ڈینس نے یہ ٹکٹ سیون الیون نامی اسٹور سے خریدا تھا یعنی وہ چاکلیٹ لینے گئے تھے اور کروڑ پتی بن کر واپس آئے۔ واضح رہے کہ اس ماہ لاٹری کے 16 لاکھ سے زائد ٹکٹ فروخت ہوئے اور اس طرح کسی شخص کے پلاٹینم انعام جیتنے کا امکان بہت ہی کم ہوتا ہے۔

لاٹری جیتنے والے سے کہا گیا ہے کہ اگر پوری رقم ایک ساتھ لیتے ہیں تو ٹیکس کٹنے کے بعد وہ 6 لاکھ 40 ہزار ڈالر لے سکتے ہیں۔ اگر وہ ٹیکس سے بچنا چاہتے ہیں تو یہ رقم انہیں 30 برس میں ہر ماہ یا سال کے حساب سے ادا کی جاسکتی ہے۔ تاہم ڈینس ٹیکس کٹنے کے بعد یکمشت رقم لینا چاہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں