حادثات و واقعات میں4افراد ہلاک، مشتعل افراد نے ٹرک نذر آتش کر دیا

ایکسپریس اردو  منگل 10 جولائی 2012
 سرجانی میںمزدور عمارت سے گرکرہلاک

سرجانی میںمزدور عمارت سے گرکرہلاک

کراچی: اورنگی ٹاؤن اور سرجانی میں مختلف حادثات اور واقعات میں 2افراد ہلاک ہوگئے، اورنگی ٹائون میں مشتعل افراد نے ٹریفک حادثے کے ذمے دار ٹرک کو نذر آتش کردیا، علاوہ ازیں ایف بی صنعتی ایریا میں پانی کے ٹینک سے نوجوان کی لاش ملی، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی شفیق کالونی کا رہائشی تھا اور چوری کی وارداتوں میں ملوث تھا، ادھر منگھوپیر سے انسانی ڈھانچہ برآمد ہوا،پولیس کے مطابق متوفی 14جون سے لاپتہ تھا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے، تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود قصبہ کالونی میں تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکرماردی۔

جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار36 سالہ مقصود ولد اخلاق جاں بحق ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی ،موقع پر موجود افراد مشتعل ہوگئے اور حادثے کے ذمے دار ٹرک ڈرائیور عاصم کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا ،مشتعل افراد نے ٹرک کو نذر آتش کردیا تاہم پولیس نے ٹرک کو مکمل طور پر جلنے سے بچالیا ،پولیس کے مطابق متوفی مقصود اسلام نگر اورنگی ٹاؤن کا رہائشی تھا، پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا۔

سرجانی میں زیر تعمیر عمارت میںکام کرنے والا35سالہ فاروق ولد اصغر عمارت سے گر کر ہلاک ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی، ایف بی صنعتی ایریا تھانے کی حدود شفیق کالونی میں زیر تعمیر عمارت کے زیر زمین پانی کے ٹینک سے18سالہ نوجوان کی تین روز پرانی لاش ملی جسے عباسی شہید اسپتال لایا گیا، ایس ایچ او ایف بی صنعتی ایریا ساجد جاوید نے بتایا کہ متوفی کی شناخت عنایت الدین ولد عمر دراز کے نام سے ہوئی ہے ،انھوں نے بتایا کہ متوفی شفیق کالونی کا رہائشی تھا اور چوری کی وارداتوں میں ملوث تھا ،ایس ایچ او نے بتایا کہ شبہ ہے کہ متوفی پانی کی موٹر چوری کرنے آیا تھا اور پانی کے ٹینک میں گر گیا ،پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا۔

منگھوپیر کے علاقے میں تالاب کے قریب جھاڑیوں سے انسانی ڈھانچہ ملا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور انسانی ڈھانچے کو اسپتال پہنچایا،پولیس کے مطابق ڈھانچے پر موجود کپڑوں سے شناختی کارڈ ملا جس کے مطابق متوفی کی شناخت محمد ولد خیر محمد کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کے مطابق متوفی 14جون سے لاپتہ تھا ، پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔