روحانی دوست

علمِ فلکیات کی روشنی میں آپ کا سال2022


علمِ فلکیات کی روشنی میں آپ کا سال2022

المعروف بہ ''روحانی دوست''!

برج حمل
سیارہ مریخ،21 مارچ تا 20 اپریل

آپ کا سیارہ مریخ ایک پل بھی سکون سے نہیں بیٹھ سکتا، جنوری فروری آپ کے مقدر اور اعلٰی ترقی کے مقامات کو روشنی دے گا۔ ان ایام میں آپ کو آپ کے آفس یا بزنس کے کام میں آگے بڑھنے یا ترقی کے مواقع مل سکتے ہیں۔ گذشتہ دسمبر میں کیتو کے ساتھ مریخ ہم کلام ہوا تھا اور ایسے ہی وقت میں مشتری مراقبہ، سُکھ، تنہائی، بیرون ملک کے امور کو متحرک کرنے چلاگیا اور نیپچون سے قریب ہوتا جارہا ہے۔ یہاں آپ خود میں اپنے اندر ایک جہان کی پرورش ہوتی دیکھیں گے۔ روحانی توانائی کے حصول کے لیے مواقع میسر ہوں گے۔

جنوری کی 15 سے تا آخر دسمبر راہو مال و آمدن کے امور کو خاصا بہتری کی سمت لے جاتا نظر آتا ہے۔ یہاں یورنیس سے ہم کلامی اور زہرہ سے وقتاً فوقتاً سعد رابطے آپ کے مالی امور میں خاصی بہتری کی نشان دہی کررہے ہیں۔

مارچ اپریل میں شادی یا منگنی یا محبت جیسے تعلق کی نشان دہی ہورہی ہے۔ یہاں زحل بھی متحرک ہوگا۔ ایسا ساتھی جو عمر یا فہم وفراست کے لحاظ سے عمر سے بڑا نظر آئے ہوسکتا ہے۔ جولائی اور اگست بیرون ملک کے سفر کا بھی امکان ہے، مشتری اور نیپچون کی نظر آپ کی اور آپ کے ساتھی کی صحت کی مد میں اخراجات بڑھا سکتی ہے ستمبر اور اکتوبر سفراور شادی کے امکان کو ظاہر کررہے ہیں۔

برج ثور

سیارہ زہرہ،21 اپریل تا 20 مئی

پہلے دو ماہ یعنی جنوری اور فروری ساتھی سے ان بن کا اندیشہ ہوسکتا ہے۔ مارچ میں یہ سلسلہ علیحدگی کی طرف بھی جاسکتا ہے۔ قدم اٹھانے سے پہلے سوچیں اور تمام پہلوؤں سے دیکھیں۔ راہو آپ کے طالع میں اگلے 18 ماہ کے لیے آگیا ہے۔ یہ انسان کو اپنی ذات میں کبھی کبھی گم کردیتا ہے۔ آپ کی تمام توجہ اپنی ذات اور مالی امور کے اردگرد گردش کرتی رہے گی۔ اس کا نقصان یہ ہوسکتا ہے کہ آپ کے تعلقات کو سنبھالنے کی صلاحیت متاثر ہوسکتی ہے۔ مشتری اور نیپچون اولاد، غیرمتوقع مالی فائدے، وراثتی امور سے فائدہ اور آپ کے معاشرتی پہچان ایک سخت گیر انسان کی حیثیت سے سامنے آسکتی ہے۔

اپریل میں کسی بیرون ملک کے ادارے میں جاب یا وہاں سے بزنس مل سکتا ہے۔ آن لائن کام بھی ہوسکتا ہے۔ جون زیادہ بہتر محسوس ہوتا ہے۔ آپ پہلے سے زیادہ خوداعتماد ہوںگے اور ایسے اقدام کرتے نظر آتے ہیں جس کی اس سے پہلے آپ سے توقع نہ تھی، بیرون ملک کے امور کے لیے یہ ایک شان دار وقت ہوسکتا ہے۔

برج جوزا

سیارہ عطارد،21مئی تا 21 جون

آپ کا انداز اور رویہ دیکھ کر لوگ آپ کو ایک صوفی اور بزرگ کا درجہ دے سکتے ہیں۔ اس میں کوئی شک بھی نہیں ہے۔ مشتری اور نیپچون دونوں آپ کے سر پر ایک بڑے عمامے کی طرح سجے سنورے بیٹھے ہیں۔ آپ کا وقار اس سال بلند ہوگا۔ اگست کے بعد اس کے مالی حوالے سے فائدے ہوسکتے ہیں اور یہ سلسلہ ہوتا رہے گا۔ اگرچہ اس سال کے آخر میں آپ کی توجہ مالی امور سے کم اور اس وقار کی بلندی کی سمت زیادہ ہوگی۔ آپ کی کسی بزرگ سے ملاقات ہوگی جو آپ کو مشقت کی سمت لے جائے گا۔

آپ کا رحجان مافوق الفطرت علوم کی جانب بڑھتا دکھائی دیتا ہے۔ ستمبر کے اردگرد شادی کا امکان پیدا ہوسکتا ہے، لیکن یہاں کچھ مشکلات نظر آرہی ہیں۔ بہتر تو یہی ہے کہ اسے کچھ عرصے کے لیے ٹال دیں۔ اندیشہ ہے کہ یہ رشتہ آگے جاکے مسائل نہ کھڑے کردے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ رشتہ ہوتے ہوتے رہ جائے۔ ایسی عجیب باتیں اور خیالات آپ کو پریشان کرسکتے ہیں، جادو ہے، شادی میں بندش ہے، رکاوٹ ہے۔ بہتر یہی ہے کہ صبر سے یہ وقت گزاریں اور کسی چکر میں نہ آئیں۔

برج سرطان

سیارہ قمر،22جون تا 23 جولائی

آپ کا برج سرطان نرم وشگفتہ مزاج رکھتا ہے۔ دراصل اسے ماں کہا گیا ہے۔ وطن اور گھر جہاں آپ راحت اور سکون محسوس کرتے ہیں۔ آپ سے منسلک لوگ بے حد خوش قسمت ہوتے ہیں آپ بے لوث ان کا خیال رکھتے ہیں۔ گھر سے متعلق جاری الجھن مارچ کے آخر تک جاری رہ سکتی ہے۔ گھر اور والدہ دونوں اس میں متاثر نظر آرہے ہیں۔ اپریل ایک اچھا وقت ہوگا جو اس مشکل کے خاتمے کے دروازے کھول سکتا ہے ۔ مارچ کے آخر میں ممکنہ طور پر دستِ غیب سے آپ کی مشکل کشائی ہوتی نظر آتی ہے۔

مقدس مقامات کی زیارت کے لیے سفر بھی ہوسکتا ہے۔ خدا آپ پر مہربان نظر آتا ہے۔ اسی دوران بیرون ملک بزنس کے حوالے سے کوئی معاہدہ بھی ہوسکتا ہے، اور اگست اور ستمبر اس کے لیے بہت اچھے نظر آتے ہیں بزنس کا پھیلاؤ اور ترقی کے امکان ہیں۔ اکتوبر سے دسمبر تک اس میں کچھ تعطل آسکتا ہے۔ گھبرائیں نہیں اگلے سال سے پھر سے ایک نئی جان پڑے گی اور آپ کا کام بہتری کی سمت سفر کرے گا۔

برج اسد

سیارہ شمس،24جولائی تا 23 اگست

آپ کا مکان بدل سکتا ہے۔ آپ کا وقت گھر میں کم ہی گزرے گا یا رہائش کے حوالے سے کچھ مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے اور اگلے 18 ماہ کے لیے ایسا ہوتا رہے گا۔ اس کا حقیقی وقت آپ کی ذاتی تاریخ پیدائش سے لگ سکتا ہے۔ آپ کا بزنس بہت اچھا ہونے والا ہے۔ پیسہ کمانے کا ہنر آپ کو آچکا اور آپ ممکن ہے کسی بڑی ادارے کی بنیاد رکھ دیں اس کے لیے معاون اور چمکتا ہوا وقت 20 فروری سے 10 مارچ کے درمیان کا وقت ہے۔ خصوصاً مارچ کی پہلی دو تاریخیں امیدِکامل ہے کہ آپ کے لیے ایک نئی سمت کا راستہ کھول دیں گی۔ اگر آپ تحقیق اور ریسرچ کے کسی کام سے منسلک ہیں تو یہ وقت آپ کے لیے اور زیادہ شان دار اور نتائج کو نہایت مثبت انداز میں لاتا نظر آتا ہے۔ آپ کے سچے تعلق کے بعد ایک جھوٹا تعلق کہ جس سے آپ کی جان چھوٹ چکی ہے۔ آپ کی ذہنی الجھن کا سبب بنا رہے گا۔ بچوں کے حوالے سے کچھ پریشانی ہوسکتی ہے، گائنی سے متعلق کچھ الجھن ہوسکتی ہے۔ اکتوبر اور نومبر رہائش کے حوالے کچھ الجھنیں سر اٹھاسکتی ہیں۔

برج سنبلہ

سیارہ عطارد،24 اگست تا 23 ستمبر

راہو آپ کے دوردراز اور بیرون ملک سے تعلق رکھنے والے آمدن کے راستے کھولنے کے لیے تیار ہے اور کیتو کمیونیکیشن، آن لائن، سفر، چھوٹے بھائی بہن، پڑوس اور آپ کی تحریری صلاحیتوں میں کچھ خرابیاں اگلے 18 ماہ کے لیے کرنے کے لیے تیار ہے۔ کیتو ممکن ہے آپ کو معمول سے ہٹ کے سوچنے سمجھنے اور مادی امور سے ماوراء ہوکے قدم اٹھانے کی سمت لے جائے۔ مارچ میں بچوں کے حوالے سے اچھی خبر آسکتی ہے۔

ممکن ہے آپ کے بچے کمانے کی عمر تک پہنچ گے ہوں۔ بچوں کے توسط سے آپ کے مالی امور میں بہتری کا امکان ہے۔ ساتھی کی صحت پر خرچے ہوسکتے ہیں، آپ کو اپنے کام میں سخت مشقت کا سامنا ہوسکتا ہے۔ یہ سارا سال ایسا ہی رہ سکتا ہے۔ آپ کے ازواجی تعلقات پہلے سے زیادہ اچھے ہوجائیں گے۔ کنواروں کی شادی کا اگست سے پہلے امکان ہے یا پھر نومبر دسمبر میں مناسب رشتہ مل سکتا ہے۔ جون اور جولائی بیرون ملک سفر یا بیرون ملک سے متعلق کسی بزنس آپ کے مادی وسائل میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے، لیکن یہ آمدن کا بیشتر اخراجات کی مد اٹھ جائے گا ، وراثتی حوالے سے فائدہ ہوسکتا ہے۔

برج میزان

سیارہ زہرہ،24 ستمبر تا 23اکتوبر

جنوری میں راجع زہرہ، عطارد اور مریخ کی آپ کی رہائش گاہ میں موجودگی اشارہ کررہی ہے کہ آپ کو اپنی موجود جگہ تبدیل کرنی پڑ سکتی ہے۔ وہاں کچھ چیزیں آپ کے لیے قابلِ قبول ہوں گی اور کچھ آپ کی ذہنی آسودگی کو متاثر کرسکتی ہیں۔ ممکن ہے کرائے کا مکان ہو۔بے اولاد احباب کو اولاد کے حوالے سے اچھی خبر سننے کو مل سکتی ہے ۔ اسی دورانیے میں بیرون ملک سے کوئی اچھی خبر آسکتی ہے۔ آپ کے ساتھی کی کوئی بہتر جاب کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔

مریخ شرف میں ہوگا، مارچ اچھی خبریں لائے گا، کیتو آمدن کے خانے میں آچکا ہے، یہاں یہ فیملی سے دور کرسکتا ہے۔ اپنوں سے دور، بعض اوقات یہاں کیتو رشتے میں خرابی کی بھی نشان دہی کرتا ہے۔ اس کا دارومدار آپ کی تاریخ پیدائش پر ہے۔ آپ کے بزنس یا جاب کا تعلق ہاسپیٹل، اولڈ ہاؤس، جیل یا کسی قلعے نما عمارت کے اندر ہوسکتا ہے، راہو آپ کے ساتھی کے آمدن کے ذرائع کو بہتری کی سمت لے جائے گا، اور آپ کے پاس آمدن کم آئے گی یا اس کے ذرائع معمول سے ہٹ کے ہوں گے۔ مئی اور جون میں آپ ازواجی سُکھ حاصل کرسکیں گے، اکتوبر اور نومبر ازواجی، مالی اور اولاد کے حوالے سے اچھا وقت ہوسکتا ہے۔

برج عقرب

سیارہ پلوٹو،24 اکتوبر تا 22 نومبر

جنوری 15 کے بعد ایک نیا دور شروع ہورہا ہے۔ آپ کی نظر میں اپنی اہمیت کم ہوجائے گی اور آپ دوسروں کے لیے حاضر ہوں گے۔ کیتو جہاں جائے وہاں کی منسوبات سے آپ کو لاتعلق اور دور کردے گا۔ اس بار یہ 18 ماہ کے لیے آپ کو اپنے دائرے میں لے چکا ہے۔ آپ کی یہ قربانیاں آپ کی معاشرتی عزت اور آپ کے حلقے میں وسعت کا سبب بنیں گے، لیکن ان میں خودغرض لوگوں کا تناسب 90 فی صد ہوگا، اور آپ یہ سب جان رہے ہوںگے لیکن آنکھیں بند رکھیں گے۔ حالات ہی عجیب ہوں گے، بچوں کے حوالے سے آپ وقتاً فوقتاً جذباتی اور افسردہ ہوتے رہیں گے۔

ان کا رویہ بھی ایک سال کے لیے ایسا ہی ہوگا۔ محبت بھی اداس ہی کرے گی۔ اس سال کے اگست ستمبر میں آپ کے بچے کمانے لگیں گے، اپریل کے آخر میں محبوب اور بچوں سے خوشیاں مل سکتی ہیں۔ اگست کا مہینہ ایسا ہوسکتا ہے کہ آپ کی شہرت دو دور تک ہوجائے اور آپ سے بہت سے لوگ ملنا چاہیں، سورج آپ کے وقار کو اپنی بھرپور روشنی دے رہا ہوگا۔

برج قوس

سیارہ مشتری،23 نومبرتا 22 دسمبر

آپ سیارہ مشتری چوتھے یعنی آپ کی رہائش گاہ کے خانے میں نیپچون کے ساتھ رہے گا۔ یہاں یہ دونوں سیارگان تقریباً مکمل سال رہیں گے۔ گویا آپ کو گھر کا ایک بہتر ماحول میسر رہے گا۔ سواری اور آرام دہ مکان دونوں آسائشیں میسر ہوں گی۔ سوائے اگست و ستمبر کے جب مشتری پانچویں یعنی اولاد اور محبت کے مقام کو اپنی توانائی دینے جائے گا، لیکن وہ وقت بھی اچھا ہوگا۔

فروری میں ایک بڑی آمدن کا حصول نظر آرہا ہے کیوںکہ زہرہ، عطارد و مریخ آپ کے آمدن کے مقام کو روشن کررہے ہیں۔ مارچ کے پہلے ہفتے ممکن ہے نیا مکان یا نئی سوار ی کا حصول ممکن ہوسکے، کیوںکہ اکثر سیارے ان امور کو مثبت روشنی دے رہے ہیں۔

راہو چھٹے یعنی بزنس اور کام کے مقام پر ہے، یہاں یہ بزنس کے بہتری کے راستے کھولے گا۔ نئے معاہدے ہوسکتے ہیں، آپ کی توجہ بزنس کی بہتری پر ہی مرتکز رہے گی، نت نئے راستے سامنے آئیں گے۔

جون اور جولائی میں شادی کا امکان ہے یا ایسا رشتہ جو آگے چل کر شادی کے بندھن میں بندھ جائے طے ہوسکتا ہے۔

اس سال سفر اور رابطے گذشتہ برس کی ہی طرح زیادہ ہوں گے، سفر رک رک کر ہوں گے، لیکن ان سے فائدے بڑے پیمانے پر ہوں گے۔

برج جدی

سیارہ زحل،23 دسمبر تا 20 جنوری

آپ کا برج دسواں برج ہے جس کا مالک زحل ہے۔ جدی میں بنیادی طور قاضی یعنی جج کی فہم وفراست ہوتی ہے، یہ فیصلہ کرنے کی خداداد صلاحیت کے حامل ہوتے ہیں۔ آپ کا مالک زحل آپ کے مادی امور کو دیکھ رہا ہے، بزنس اور کیریر پر مرتکز ہے، گویا مالی ضروریات آپ کو اس کے لیے فکرمند کیے ہوئے ہیں۔

گذشتہ ایک سال سے یہ صورت حال ہے گذشتہ سال بھی فائدے ہوئے جن کا تسلسل اس سال بھی جاری رہتا ہوا نظر آرہا ہے۔ اس سال آپ کے سفر زیادہ ہیں، مائع سے متعلق بزنس بھی فائدہ دے گا اور زمین سے متعلق بھی، خریدوفرخت اور کاشت کاری سے متعلق کام مفید ہوں گے۔ ایسا لگتا ہے کہ فروری مارچ میں حالات تیزی سے بدلیں گے اور کچھ ہنگامی بنیادوں پر آپ قدم اٹھائیں گے، کچھ نئے معاہدے یا نیا کام بھی ہوسکتا ہے، سفر پر سفر ہوگا، مارچ میں کوئی نیا مکان لے سکتے ہیں یا کمرشل پلاٹ بھی ممکن ہے۔

اکتوبر میں آپ اپنا مکان یا دکان کرائے پر دیتے نظر آتے ہیں۔ سورج اور زہرہ آپ کے معاشرتی وقار کو اور روشن اور اچھا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

برج دلو

سیارہ یورنیس،21 جنوری تا 19 فروری

آپ کا سیارہ یونانی نظام کے مطابق یورنیس ہے اور زحل کو بھی آپ کا سیارہ مانا جاتا ہے۔ زحل سست رو اور حالات کو آہستہ آہستہ تبدیلی کی سمت لاتا ہے۔ سخت مشقت کا سامنا ہوتا ہے، اور جفاکشی کے بل بوتے پر بڑے سے بڑے معرکے کو سر کرتا ہے جب کہ یورنیس اچانک حالات کو الٹ پلٹ کردیتا ہے، خصوصاً جب اس کے ساتھ راہو کیتو کی نظر ہو، اس بار ایسا ہی کچھ ہونے جارہا ہے، آپ کے آمدن اور رہائش گاہ کے مقام پر ان سیارگان کی نظریں گڑی ہوئی ہیں۔ فروری کا آخر اور مارچ کا پہلا ہفتہ اہم ہے۔ آپ کی تحریر، تقریر اور کمیونیکیشن کی صلاحیتیں بامِ عروج پر ہیں اور چمک رہی ہیں، نیٹ سے متعلق کوئی سرپرائز ہوسکتا ہے۔

نیا مکان مل سکتا ہے، آمدن کا کوئی شان دار راستہ کھل سکتا ہے۔ جون میں آمدن کے لیے ایک اور راستہ کھل سکتا ہے۔ابتدائی تین ماہ میں آپ کے رشتہ ازدواج میں بھی بندھنے کے امکان ہے۔ آپ کی پسندیدہ جگہ رشتہ طے پانے کا واضح امکان ہے۔نومبر میں بچوں کے حوالے سے کسی پریشانی کا اندیشہ ہے۔ بچوں کی مصروفیات پر نظر رکھیں۔

برج حوت

سیارہ نیپچون،20 فروری تا 20 مارچ

آپ کا برج حوت جس میں مشتری اور حوت دونوں موجود ہیں اور ایک سال تک یہیں رہیں گے، آپ نرم مزاج کو اور نرمی دیںگے، آپ کے تصورات کی دنیا میں کئی کہکشائیں ایجاد ہوں گی، لیکن یہ ایجادات و تصوراتی دنیا محض آپ کے تخیلاتی مدار ہی کی گردش نہیں کرے گی بلکہ راہو جو کہ آپ کے رابطوں کو مادی وسائل سے باندھ رہا ہے، حقیقی دنیا بھی بدلنے والی ہے۔

لگتا ہے کہ تین قریبی دوست جو کہ اسباب کے وسائل سے مالا مال ہیں آپ کے لیے سیڑھی بنیں گے اور آپ ایک بڑی بازی جیت لیں گے، بڑا میداں مار لیں گے۔ فروری اور مارچ میں آپ کی کئی گئی کوششیں رنگ لائیں گی اور اچھا خاصا گاڑھا رنگ لائیں گی۔ ایک شان دار وقت شروع ہورہا ہے۔

جون جولائی مالی فائدے ہوسکتے ہیں اور آپ کو یہ آمدن ایک نہیں دو یا دو سے زیادہ ذرائع سے ہوتی دکھائی دیتی ہے۔ایک باوردی دوست کی مدد سے اس سال آپ کی کئی مشکلات آسانی میں بدلتی دکھائی دیتی ہیں۔n

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے