نیا سال، نئی امیدیں، فنکار بہتری کیلئے پُر عزم

میاں اصغر سلیمی  اتوار 9 جنوری 2022
جس ملک میں سالانہ100 سے زائد فلمیں بنتی تھیں وہاںگزشتہ برس 10 بھی نہ بن پائیں۔ فوٹو: فائل

جس ملک میں سالانہ100 سے زائد فلمیں بنتی تھیں وہاںگزشتہ برس 10 بھی نہ بن پائیں۔ فوٹو: فائل

کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ موسم اپنے وقت مقررہ پر آتے اور جاتے رہتے ہیں لیکن ہرگزرا ہوا سال کچھ تلخ کچھ میٹھی یادیں ہمارے لئے ضرور چھوڑ جاتا ہے۔

اب پچھلے دوسال سے تمام دنیا کرونا کے روپ میں ایک نئے تجربے اور مسائل سے گزری۔ لاکھوں کی زندگیاںکرونا نے نگل لیں۔ بہت سے ہمارے پیارے ہم سے یوں بھی جدا ہوگئے لیکن بہت سی زندگیاں دھرتی پر مسکرائی بھی تو ہیں۔ کئی پھول گھروں کے آنگنوں کی زینت بنے ہیں۔ مصائب آتے جاتے رہتے ہیں۔

وبائیں پہلے بھی آتی تھیں لیکن اسی پاک ذات نے انسان کے اندر ان مصائب کا سامنا کرنے کا حوصلہ بھی رکھا ہے۔ ان کو سہنے اور برداشت کرنے کی طاقت بھی عطا کی ہے۔ مصائب جتنے بھی بڑے ہوں، حالات خواہ کتنے بھی کٹھن ہوں لیکن خوشیوں کے چند پل ان تلخیوں کو تحلیل کردیتے ہیں۔ انسانی فطرت میں اللہ پاک نے بڑی لچک رکھی ہے۔ وہ اپنا سفر جاری رکھتا ہے۔ حوصلے اور ہمت سے گامزن رہتا ہے۔ یہی زندگی ہے اور یہی زندگی کی خوبصورتی ہے۔

اکتیس دسمبر 2021 کا سورج سال بھر کی یادیں سمیٹ کر غروب ہوا اور 2022 میں امید کی نئی کرن بن کر طلوع ہوا۔دنیا بھر میں لوگوں نے مختلف تقاریب میں نئے سال کا استقبال کیا، آنے والے سال کیلئے ڈھیر ساری دعائیں مانگیں، کسی نے اپنے چاہنے والوں کے ساتھ ان لمحات کو یادگار بنایا۔عام لوگ تو محدود وسائل میں خوشیاں مناتے ہیں لیکن شوبز سے وابستہ شخصیات کے جشن منانے کا طریقہ بھی انوکھا ہوتا ہے۔

خاص طور پر بھارتی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے سٹارز ہر موقع پر کھل کو انجوائے کرتے ہیں۔نئے سال کو عام پاکستانیوں کی طرح لالی ووڈ کے اداکاروں نے بھی بھر پور جوش خروش کے ساتھ منایا، متعدد نے تو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر نئے سال کی مناسبت سے اپنے مداحوں کیلئے تصاویر اور پیغامات ضرور جاری کیے اور کئی فنکاروں نے وڈیوز جاری کیں۔

نئی سال کی آمد پر اداکارہ مدیحہ شاہ نے کہا کہ دعا ہے کہ ہم پر نئے سال میں رحمتوں اور برکتوں والے دروازے کھلیں اور اللہ تعالی ہم سب کو اپنی حفظ وامان میں رکھے،ادکارہ میگھا نے کہا کہ گزشتہ برس کی تمام نفرتوں اور کدورتوں کو بھلا کر اپنی دنیا کو جنت بنائیں،دعا ہے کہ نئے سال میں کورونا اور دیگر بیماریوں سے نجات ملے اور ہم سب نئے جذبے اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھیں، میگھانے توقع ظاہر کی کہ نیا سال ہماری زندگیوں میں سکون اور خوشیاں لے کر آئے گا۔

اداکار احسن خان نے کہا کہ میری طرف سے تمام پاکستانیوں کو نئے سال کی بہت بہت مبارکباد ہو، امید کرتا ہوں کہ یہ سال ہمارے لئے اور ہمارے وطن عزیز کے لئے خوشیوں اور کامیابیوں کا سال ثابت ہوگا۔گلوکارہ حمیرا ارشد نے کہا کہ میری اللہ سے دعا ہے کہ جاتے سال کے ساتھ ہمارے ساتھ دکھ بھی چلے جائیں ، اللہ تعالی کورونا وائرس جیسے موذی مرض سے پوری دنیا کو نجات دے اور ساری دنیا میں خوشحالی آئے۔

ماڈل ملائیکہ علی نے کہا کہ میری دعا ہے کہ نیا سال ہم سب کے لئے خوشیاں لائے۔ اداکار راشد محمود کے مطابق نیا سال میرے ملک کے لئے خوشیوں کا سال ہو، کوشش کریں کہ خود بھی خوش رہیں اور دوسروں میں بھی خوشیاں بانٹیں۔اداکار شامل خان نے کہا کہ میری طرف سے میرے تمام پرستاروں کو نیا سال کی خوشیاں مبارک ہوں۔اداکارہ صوفیہ مرزا نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ نیا سال ہمارے لئے خوشیوں والا سال ہو، نئے سال میں اپنے ہاتھوں کو سینیٹائز کریں، ماسک پہنیں، کورونا کی تیسری لہر پاکستان میں آ چکی ہے، اپنا اور اپنے پیاروں کو خیال رکھیں۔

مسکان نے کہا کہ دعا ہے جو خواہشات آپ کی 2021 میں پوری نہ ہو سکیں وہ نئے سال میں پوری ہوجائیں، مسکان نے اپنے پرستاروں سے ان کے لئے خصوصی دعا کی درخواست کی ہے۔ سمیع خان نے کہا کہ دعا ہے کہ نیا سال ہم سب کے لئے ڈھیڑوں خوشیاں لے کر آئے اور ہمیں کورونا سے نجات دے،معروف اداکارہ وماڈل عینی خان نے کہا کہ دعا ہے کہ سال 2022 پاکستان کے ساتھ ساتھ شوبز انڈسٹری کیلئے کامیابیوں اور خوشیوں کا سال ثابت ہو، انہوں نے کہا کہ نئے سال میں شوبز انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کو خود آگے بڑھ کرانڈسٹری کی ترقی کیلئے اقدامات کا عزم کرنا چاہیے۔

پلاک کی ڈائریکٹر جنرل صغری صدف نے کہا ہے کہ اللہ کے حضور دعا ہے کہ نیا سال نہ صرف پاکستان بلکہ ہماری انڈسٹری کے لئے بھی خوشیوں او رکامیابیوں کا سال ثابت ہو۔ پنجاب تھیٹرز پروڈیوسر ایسوسی ایشن کے چیئرمین قیصر ثناء اللہ نے کہا کہ گھڑیال کی سوئیاں نئے سال کی آمد کا بتا رہی ہیں کیا لوگ بھی 2022کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں؟

فلمی ہدایتکار جرار رضوی کے مطابق وہ دعاگو ہیں کہ نیا سال سب کے لیے اچھا، پر امید اور بہتر ثابت ہوئے۔ہدایتکار سید نور نے کہا کہ گزشتہ سال ہمیں سکھایا کہ پلک جھپک میں سب کچھ تبدیل ہوسکتا ہے اور عالمی وبا ہماری سوچ کو مستقل بنیادوں پر تبدیل کرنے کے لیے آئی اور ہم نے اس سال سے بہت کچھ سیکھا۔نامور گلوکارہ اور اداکارہ ثمن شیخ نے مداحوں کو پیغام دیا کہ مسائل کو بھلا کر 2022کو خوش آمدید کہیں اور پچھلے سال سے سیکھ کر آگے بڑھیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرائذوالفقار علی زلفی کا کہنا ہے کہ نئے سال بھی تہذیب و ثقافت کی بھرپور انداز میں پرموشن جاری رکھنے کا سلسلہ جاری رہے گا اوراپنی تجربہ کار ٹیم کے ساتھ ترقی کی منازل طے کریں گے۔

اگر حقیقت کے اوراق میں دیکھا جائے تو گزشتہ دو سال کے دوران عالمی وبا کورونا نے جہاںدنیا بھرمیں ہرشعبہ ہائے زندگی کو متاثرکیا وہیں فنکار برادری بھی بری طرح متاثر ہوئی ، تھیٹر، سینما گھر، پروڈکشن ہاؤسز بند رہے جس کا منفی اثر فنکار برادری پر پڑا اور انڈسٹری سے وابستہ عام ورکر ز بھی روزی روٹی کی تلاش میں پریشان نظرآ ئے۔2019 سے 2021 ء تک فلم انڈسٹری بحران کاشکارہی نہیں رہی بلکہ معاشی طورپر بھی کمزور ہوتی رہی ہے۔ جہاں کبھی سالانہ 125 سے 150 تک فلمیں بنتی تھیں وہاںسال بھر میں 10 فلمیں بھی نہ بن سکیں۔

کورونا سے قبل پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن نے 2020 میں 50 فلمیں بنانے کاہدف مقرر کیاتھا ،وہ ہدف حاصل نہ ہوسکا۔ اندازہ ہے کہ فلمسازوں کی ایک ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری منجمدہوکررہ گئی،2021 میں ماہ نومبر سینما گھروںکی بندش ختم ہونے کے بعد 19 نومبر کو سینما گھروں پر تقریباً دوسال کے بعد پاکستانی فلم’’ کھیل کھیل میں ‘‘ نمائش کے لئے پیش کی گئی۔ اس فلم کا بزنس نہ ہونے کے برابر رہا۔ مجموعی طو ر پر 2021 کے دوران تیرہ فلمیں ریلیز کی گئیں جس میں 6 فلمیں پنجاب سرکٹ ہی میں ریلیز ہوئیں۔

ان فلموں کی نمائش ماہ جولائی کے دوران ہوئی۔ان کا بزنس نہ ہونے کے برابر رہا۔ اسکے علاوہ ہالی ووڈکی انگریزی فلمیں بھی ریلیز کی گئیں۔ان فلموںکی نمائش کے باوجود سینما مالکان نقصان سے دوچار رہے۔نئے سال کے آغاز میں ہی اچھی خبر یہ ہے کہ اداکار عثمان راج کی پہلی فلم “چھولے آسمان” کی نمائش کا اعلان کردیا گیا ہے۔اس فلم میں عثمان راج کے مقابل ماڈل زارا احمد کو متعارف کرایا گیا ہے جب کہ کاسٹ میں سینئر فنکاروں کے ساتھ ساتھ نوجوان فنکاروں کو بھی موقع دیا گیا ہے۔یہ فلم کافی عرصہ سے نمائش کی منتظر تھی لیکن کورونا کے باعث سینما گھر بند ہونے سے اسے ریلیز نہیں کیا جا رہا تھا تاہم اب نمائش کی حتمی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔

یہ فلم 25 فروری کو ریلیز کی جائے گی جس کی پبلسٹی جلد ہی شروع ہوگی۔عثمان راج اور زارا احمد کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں راحیلہ آغا، انجم حبیبی، خالد معین بٹ، علی عمران زیدی، علی ناگی، حسن لاہوری، مبشر ملک، غانیہ شوکت، توقیر زیدی، صدام الحق، اسد عباس اور انجم ملک سمیت بہت سے دیگر فنکار شامل ہیں۔امید کی جا رہی ہے کہ فلم چھو لو آسمان کی طرح نہ صرف ہماری فلم انڈسٹری بھی آسمان کی بلندیوں کو چھوئے گی بلکہ تھیٹر اور ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ فنکار بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔