یوگنڈا؛ کورونا وبا میں دنیا کا طویل ترین تعلیمی لاک ڈاؤن ختم

ویب ڈیسک  پير 10 جنوری 2022
یوگنڈا میں پہلی بار مارچ 2020 میں اسکول بند ہوئے تھے، فوٹو: فائل

یوگنڈا میں پہلی بار مارچ 2020 میں اسکول بند ہوئے تھے، فوٹو: فائل

کمپالا: یوگنڈا میں کورونا وبا کے دوران دنیا بھر میں اسکولوں کی طویل ترین بندش کا خاتمہ کر دیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرقی افریقی ملک یوگنڈا میں کورونا پابندیوں کے تحت 20 ماہ سے اسکول بند تھے جو اب کھول دیئے گئے ہیں۔ دنیا بھر میں اسکولوں کی بندش کا یہ سب سے بڑا دورانیہ ہے۔

یوگنڈا میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آنے پر مارچ 2020 میں اسکولوں کو بند کردیا گیا تھا۔ ایک سال بعد جنوری میں اسکول دوبارہ  کھولے گئے لیکن جلد ہی بند کردیئے گئے جس پر والدین نے احتجاج بھی کیا تھا۔

دنیا کے غریب ترین ممالک میں سے ایک یوگنڈا کے اسکولوں میں سہولیات کا فقدان ہے اور اسکولوں کی بندش کے دوران طلبا آن لائن تعلیم بھی جاری نہیں رکھ سکے تھے جب کہ تعلیمی شرح بھی نہایت کم ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کی نئی شکل اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث پابندیاں سخت کی جا رہی ہیں لیکن حیران کن طور پر یوگنڈا نے اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم عین ممکن ہے کہ ناقص صحت کے نظام کی وجہ سے یہ فیصلہ جلد واپس لینا پڑے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔