بینک سے نکلنے والے شہری کو 73لاکھ روپے لوٹ کر قتل کردیا گیا

اسٹاف رپورٹر  بدھ 12 جنوری 2022
پولیس نے جائے واردات سے شواہد اکٹھا کرکے تفتیش شروع کردی ۔ فوٹو : فائل

پولیس نے جائے واردات سے شواہد اکٹھا کرکے تفتیش شروع کردی ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: شہر کے پوش علاقے کلفٹن شون سرکل کے قریب بینک سے رقم لے کرنکلنے والے شہری سے 73لاکھ روپے لوٹ لیے گئےاورمزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

کلفٹن تھانے کے علاقےکلفٹن شون سرکل انڈرپاس کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو شدید زخمی کردیا اورفرار ہو گئے۔

زخمی شخص کو فوری طور پرچھیپا ایمبولینس کےذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی شہری دوران علاج دم توڑگیا، مقتول کی شناخت 35 سالہ ویربھان ولد سمرداس کے نام سے کرلی گئی مقتول ویر بھان کلفٹن باتھ آئی لینڈ کا رہائشی اورکاروباری شخصیت بتایا جاتا ہے۔

اس حوالے سے ایس پی کلفٹن ابریز علی عباسی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول ویر بھان اپنے بھائی کے ہمراہ کلفٹن بلاک 9 شون سرکل اندرپاس کے قریب واقع نجی بینک سے تین چیک کیش کرانے کے بعد73 لاکھ روپے لیکربینک سے باہرنکلا اوربینک کے قریب کھڑی اپنی گاڑی کی جانب جا رہا تھا کہ مقتول جونہی اپنی گاڑی کے قریب پہنچاتواسی دوران موٹرسائیکل پرسوار3 نامعلوم مسلح ملزمان آگئےاورانھوں نے اسلحہ کےزورپررقم چھینے کی کوشش کی تومقتول کی جانب سے مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے باعث شہری شدید زخمی ہوگیا۔

ایس پی کلفٹن نے کہا کہ مسلح ملزمان مقتول شہری سے 73 لاکھ روپے چھین کرفرارہونے میں کامیاب ہوگئے زخمی شہری کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا لیکن زخمی شہری جانبرنہ ہوسکا۔

پولیس کے مطابق مسلح ملزمان کی فائرنگ سے مقتول کی گاڑی شیشے بھی ٹوٹ گئے تھے واقعے کے بعد پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور جائے واردات سے شواہد اکٹھا کرکے تفتیش شروع کردی ہے اور جائے وقوع کے ارد گرد لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے۔

دوسری جانب زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے کورنگی کراسنگ بھٹائی آباد سیکٹر ایف میں واقع شمیم مسجد کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پرموٹرسائیکل پرسواردو نامعلوم ملزمان نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے 20 سالہ لڑکی سمیرا دخترایوب کو زخمی کردیا جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔