کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، مقتول کی تین روز قبل شادی ہوئی تھی

ویب ڈیسک  بدھ 12 جنوری 2022
ڈاکو نوجوان کے گھر کے باہر ماں اور بہن سے لوٹ مار کر رہے تھے جس پر مقتول نے مزاحمت کی - فوٹو:ایکسپریس نیوز

ڈاکو نوجوان کے گھر کے باہر ماں اور بہن سے لوٹ مار کر رہے تھے جس پر مقتول نے مزاحمت کی - فوٹو:ایکسپریس نیوز

 کراچی: ماں اور بہن سے ڈکیتی پر مزاحمت کے دوران نوجوان ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی 3 روز قبل شادی ہوئی تھی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیروز آباد کے علاقے کشمیر روڈ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کے قریب گلی میں گھر کی دہلیر پر ڈاکوؤں نے مزاحمت پر ماں اور بہن کے سامنے نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ مقتول کی شناخت 28 سالہ شاہ رخ کے نام سے کی گئی۔

بنگلے کے باہر ڈاکو رکشے میں آنے والی شاہ رخ کی والدہ اور بہن سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ وہ باہر آگیا اور اس دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے اسے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا جسے تشویشناک حالت میں فوری طبی امداد کے لیے اسٹیڈیم روڈ پر قائم نجی اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

بعدازاں مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لے جائی گی۔ مقتول شاہ رخ اور اس کے بھائی کی 3 روز قبل شادی ہوئی تھی جبکہ وہ 4 بھائیوں اور 3 بہنوں میں سب سے چھوٹا تھا، ان کا نیو ایم اے جناح روڈ پر کار شوروم ہے۔

جان لیوا واردات کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔