سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 20 جنوری 2022
فی تولہ اور دس گرام چاندی کی قیمت آج بھی مستحکم رہی (فوٹو: فائل)

فی تولہ اور دس گرام چاندی کی قیمت آج بھی مستحکم رہی (فوٹو: فائل)

 کراچی: عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 20 ڈالرز اضافے کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 700 روپے بڑھ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے چوتھے یعنی جمعرات کے روز ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت 20 ڈالرز اضافے سے 1837 ڈالرز فی اونس تک پہنچ گئی۔

انٹرنیشنل مارکیٹ میں ہونے والے اضافے کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 700 اور 601 روپے اضافہ ہوا۔

حالیہ اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 125900 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 107939 روپے ہوگئی۔

اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1450 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1243.14روپے پر مستحکم رہی۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل کاروباری ہفتے کے تیسرے یعنی بدھ کے روز ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت 6 ڈالرز اضافے کے بعد 1817 ڈالرز کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔ جس کے نتیجے میں مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 200 اور 171 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 25 ہزار 200 جبکہ دس گرام کی قیمت 1 لاکھ 7 ہزار 338 روپے تک پہنچ گئی تھی۔

منگل کے روز عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 200 روپے کم ہوئی تھی۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹرنیشنل مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت میں 11 ڈالرز کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد قیمت 1811 ڈالرز کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔

عالمی مارکیٹ میں ہونے والی کمی کے باعث پاکستان بھر کے صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمت 200 اور دس گرام کی قیمت میں 171 روپے کمی  کے بعد بالترتیب 1 لاکھ 25 ہزار اور 1 لاکھ 7 ہزار 167 روپے تک پہنچ گئیں تھیں۔

پیر کے روز روز قبل بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 3 ڈالر کے اضافے سے 1822 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں  فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 50روپے اور 43روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 125200 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 107338 روپے تک پہنچ گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔