ٹیسٹ کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ ضرور کرے گی، آسٹریلوی کپتان

ویب ڈیسک  جمعرات 13 جنوری 2022
دورہ پاکستان میں سب کچھ مثبت ہوگا، آسٹریلوی کپتان (فائل فوٹو)

دورہ پاکستان میں سب کچھ مثبت ہوگا، آسٹریلوی کپتان (فائل فوٹو)

سڈنی: آسٹریلیا کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور فاسٹ بولر پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم پاکستان کا دورہ ضرور کرے گی۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق پیٹ کمنز اپنے اسکواڈ کے ساتھ رواں سال مارچ اپریل میں دورہ پاکستان کے لیے پُرامید اور انتہائی پُرجوش ہیں۔

پیٹ کمنز نے پی سی بی کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاندار اقدامات کیے پھر بھی اگر چند کھلاڑی دورے پر راضی نہیں تو یہ اُن کی مرضی ہے جبکہ سب کچھ اب اچھی طرح سے آگے بڑھ رہا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں دورۂ پاکستان کے لیے پُرامید اور مثبت ہوں کیونکہ یقین ہے کہ اس سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے اور شائقین کو دیکھنے کو ملے گا‘۔

مزید پڑھیں: آسٹریلوی ٹیم کودورہ پاکستان کا مشورہ مل گیا

ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان نے واضح کیا کہ بیشتر کھلاڑی دورۂ پاکستان کے لیے تیار ہیں تاہم اگر چند نہ بھی گئے تو اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا‘۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم رواں سال مارچ میں پاکستان کا دورہ کرے گی، اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ، تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز جبکہ ایک ٹی ٹوینٹی میچ کھیلا جائے گا۔

آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان کراچی، راولپنڈی اور لاہور میں ٹیسٹ کھیلے جائیں گے جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔