دبئی کی رونقیں اور عجائب

یہ عجب اتفاق ہے کہ ہم نے نئے سال کا استقبال دوسری مرتبہ دبئی میں کیا ہے


Shakeel Farooqi January 14, 2022
[email protected]

CANBERRA: یہ عجب اتفاق ہے کہ ہم نے نئے سال کا استقبال دوسری مرتبہ دبئی میں کیا ہے جہاں ہمارے صاحبزادے بسلسلہ روزگار مدت دراز سے مقیم ہیں اور جس کی وجہ سے دبئی ہمارا سیکنڈ ہوم بن گیا ہے۔ یوں تو دنیا بھر میں نیا سال اپنے اپنے انداز میں بڑی دھوم دھام سے منایا جاتا ہے لیکن دبئی کا منظر دیدنی اور بیان سے باہر ہوتا ہے:

آنکھ جو کچھ دیکھتی ہے لب پہ آ سکتا نہیں

گزشتہ مرتبہ یہ منظر ہم نے 2020 میں خود اپنی آنکھ سے دیکھا تھا جب کہ اس مرتبہ بینائی سے محرومی کے سبب یہ خوبصورت نظارہ اپنے پیاروں کی چشم بینا سے دیکھا ہے۔ اس بے مثال جشن کا اہتمام برج الخلیفہ پر کیا جاتا ہے جو پوری دنیا کی بلند ترین عمارت ہونے کا منفرد اعزاز رکھتی ہے۔

اس دلفریب منظر کو دیکھنے کے لیے ہر سال بہت بڑی تعداد میں دنیا کے مختلف ممالک کے شائقین دبئی کا رخ کرتے ہیں جس کی وجہ سے دبئی میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ہوتی اور یہاں کے ہوٹل سیاحوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ہوتے ہیں جس کے نتیجے میں دبئی پر ہن برس رہا ہوتا ہے۔ ہماری انتہائی خوش قسمتی ہے کہ اس حسین نظارے کو ہم نے ٹس سے مَس ہوئے بغیر نہایت آرام کے ساتھ اوّل تا آخر اپنی قیام گاہ سے دیکھا۔

ایک اور حسن اتفاق یہ ہے کہ اس موقع پر تاریخی ایکسپو 2020 بھی جاری ہے جس کی وجہ سے دبئی دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور بھانت بھانت کے لوگ یہاں اومی کرون کے باوجود گھومتے پھرتے اور رونقوں سے لطف اندوز ہوتے نظر آتے ہیں۔ کورونا کے باعث ایک سال تاخیر کے بعد دبئی میں دنیا کا سب سے بڑا تجارتی اور ثقافتی ایونٹ ''دبئی ایکسپو 2020'' کا یکم اکتوبر کو ایک رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں آغاز ہوا جس کو 430 مقامات پر براہ راست دیکھا گیا۔ قومی ترانے کے بعد اماراتی موسیقار حسن الجاسمی نے مرحبا یا ہالا، سعودی گلوکار عبدو، پیانسٹ لینگ لینگ اور 4 مرتبہ گریمی ایوارڈ جیتنے والی اینجلیک کڈجو نے دیگر فنکاروں کے ساتھ ایکسپو کا آفیشل نغمہ ''دس از آور ٹائم'' پیش کیا۔

دبئی ایکسپو 31 مارچ 2022 تک جاری رہے گی جس میں 192ممالک حصہ لے رہے ہیں۔ دنیا کے سب سے بڑے تجارتی اور تفریحی شو قرار دیے جانے والی ایکسپو میں سیاحوں کی گرم جوشی دیدنی ہے، ہر طرف منفرد اور اعلیٰ معیار کے پویلین ہیں جہاں سیاحوں کا تانتا بندھ چکا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ ایکسپو کو 6ماہ میں 25 ملین لوگ وزٹ کریں گے جس میں 70فیصد بیرون ملک سے آئیں گے۔ متحدہ عرب امارات کے بعد ایکسپو میں دوسرا بڑا پویلین سعودی عرب کا ہے۔ مصر کے پویلین میں فرعون کے تابوت کی نمائش بھی کی جارہی ہے۔ ایکسپو میں پاکستانی پویلین کو بھی خصوصی پذیرائی مل رہی ہے۔

پاکستانی پویلین کا افتتاح 9اکتوبر کو صدر عارف علوی نے کیا۔ پاکستان پویلین میں ثقافت، معاشی مواقع، سرمایہ کاری، ٹورازم اور ایکسپورٹس کی 8 نمائش گاہیں ہیں جن میں پاکستان کے خوبصورت مناظر، کھانوں، ثقافت، ہنر، مذہبی ہم آہنگی، ماحولیاتی تبدیلی کے لیے کلین اینڈ گرین پاکستان، SMEs میں سرمایہ کاری کے مواقع اور جدید پاکستان کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ایکسپو میں پاکستانی پویلین ایکسپو کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے پویلین میں سے ایک بن چکا ہے۔ پاکستانی پویلین کو 8 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جہاں پاکستانی ثقافت، سیاحت، تجارت اور ذائقے دار پکوان ملک کی نمایندگی کررہے ہیں۔ ایکسپو 2020 دبئی پر آنے والے سیاحوں، عملے اور شرکاء کے لیے سخت کوویڈ19 حفاظتی اقدامات کا انتظام کیا گیا ہے۔ ماسک پہننا لازمی ہے۔

ہمارا ادب کے مشہور اور خوبصورت مریکل گارڈن جانے کا بھی اتفاق ہوا ۔یہ دنیا کے چند خوبصورت پھولوں کے باغوں میں سے ایک ہے۔ مریکل گارڈن نے چار اعزازات گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروا لیے ہیں۔ یہ پارک دبئی لینڈ کے مرکز میں 72 ہزار مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔120 اقسام اور مختلف نوعیت کے 50 ملین سے زیادہ پھولوں سے مختلف مجسموں کو سجایا گیا ہے۔ بہت سے دیگر عجوبوں کے ساتھ ساتھ اماراتی ائیر لائن کے طیارے (جس کا وزن تقریباً 100 ٹن ہے) کو بھی پھولوں میں لپیٹ دیا گیا ہے۔ اس حیرت انگیز پارک میں 55 درہم میں سیر کے لیے جا سکتے ہیں۔

شہر جدید دبئی میں ایسے بہت سے مقامات ہیں جن کی سیر سے طبیعت سیر ہوجاتی ہے۔ دبئی میں لگے دنیا کے سب سے بڑے فریم کا دورہ کرکے دبئی کی حقیقی خوبصورتی کو 150 میٹر کی بلندی سے شیشے کے بنے فرش پر چہل قدمی کرتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔ دبئی کے علاقے آلخوانیج میں ایک عظیم الشان پارک بنایا گیا ہے جو قرآن کریم کی تھیم پر ہے۔ اس پارک میں قرآن مجید میں بیان کردہ معجزات، درختوں اور پودوں سے متعلق آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔158ایکڑ وسیع رقبے پر مشتمل اس پارک کی تعمیر پر7.4ملین ڈالر لاگت آئی ہے۔

یہ اپنی نوعیت کا پہلا پارک ہے۔ اس پارک سے لوگوں کو قرآن کریم کو جاننے اور سمجھنے میں بے پناہ مدد ملتی ہے، جیسے کہ قرآن مجید میں54درختوں اور پودوں کا ذکر کیا گیا ہے، وہ سب آپ کو یہاں ملیں گے۔ ان درختوں میں زیتون، کیلے، انار، گندم، املی، پیاز، مکئی، کدو، ادرک وغیرہ شامل ہیں۔ یہاں ایک ایئر کنڈیشنڈ غار بھی بنایا گیا ہے، جہاں قرآن پاک کے کرشموں اور دیگر واقعات کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے۔

یہ مصنوعی غار ان تمام معجزات کو سامنے لاتاہے جو قرآن کے مطابق پیغمبروں کو عطا کیے گئے۔ یہاں آپ کو حضرت ابراہیم ؑ کا وہ معجزہ بھی نظر آئے گا جب انھوں نے پرندوں کے ٹکڑے کرکے چار مختلف سمتوں میں رکھ دیے تھے اور پھر وہ واپس زندہ ہو کر آگئے تھے۔ اس کے علاوہ حضرت موسیٰ ؑ کا سمندر میں راستہ بنانے اور حضرت عیسی علیہ السلام کا مٹی سے پرندہ بنانے کے بعد اسے ہوا میں اڑانے جیسے معجزات پر بھی آپ کو آگاہی ملے گی۔

اس پارک میں انتظامی بلاک کے علاوہ اسلامی گارڈن، بچوں کے کھیلنے کے لیے مخصوص مقامات، قرآن کریم کے معجزات کا اظہار کرتے پہاڑ، عمرہ کارنر، جھیل، صحرائی باغ، دوڑ کے لیے ٹریک، واش رومز، ریت سے بناہوا واکنگ ٹریک اور سائیکلنگ ٹریک بھی موجود ہیں۔ قرآن پارک میں بنایا گیا گلاس ہاؤس لوگوں کی کشش کا باعث بنتا ہے۔

اس کے اندر قرآن اور سنت میں مذکور 29 مختلف پودے اور درخت موجود ہیں۔ آپ کو یہاں زیتون، انجیر، سیاہ مہندی، عود، ایلوویرا اور دیگر پودے و نباتات ملیں گے۔ آپ کو اس گلاس ہاؤس میں داخل ہوتے ہی یہاں موجود پودوں اور درختوں کی فہرست اور رہنمائی حاصل ہوجائے گی۔

ہر درخت کو الگ الگ مقام پر اس کے نام اور معلومات کے ساتھ لگایا گیاہے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس کا ذکر قرآن یا حدیث میں کس جگہ آیا ہے۔اس میں ایک پارک بھی ہے جس میں آپ کو جابجا سبزہ زار اور پھولوں سے سجے ایریا نظر آئیں گے۔ یہاں آپ کی رہنمائی کے لیے راستوں میں سنہری عربی کتابت سے مزین پوائنٹ نظر آئیں گے، جو آپ کی رہنمائی کریں گے۔ یہاں لگے سولر پینل درخت آپ کی رہنمائی کرتے ہوئے آپ کو گلاس ہاؤس کی جانب لے جائیں گے۔ ان سولر درختوں کے سائے تلے آپ آرام بھی فرما سکتے ہیں اور اپنے فون کو بھی چارج کرسکتے ہیں۔

اس پارک میں ایک جھیل بھی ہے جس میں لگے فوارے آپ کا دل لبھائیں گے۔ اس جھیل کے اندر گہرائی تک ایک راستہ ہے، جہاں پر آپ اپنی یادگار تصاویر بناسکتے ہیں۔پارک کے کونے پر ایک کافی ہاؤس بنایا گیاہے، جہاں آپ کافی، چاکلیٹ اور ڈیزرٹس سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

اس کیفے کے دائیں طرف ایک پلے گراؤنڈ ہے، جہاں چھوٹے بچے خوب موج مستی کرسکتے ہیں۔ یہ قرآن پارک صبح 8 سے رات 10 بجے تک آپ کا منتظر رہتا ہے اور یہاں پارکنگ کا عمدہ نظام ہے۔ پارک میں داخلہ مفت ہے تاہم گلاس ہاؤس اور معجزاتی غار میں داخل ہونے کے لیے آپ کو ٹکٹ خریدنا ہوگا۔

اسی طرح دبئی میں اور بہت سے انوکھے تفریحی مقامات ہیں جو کہ دنیا بھر سے آئے سیاحوں کی دلچسپی اور توجہ کا مرکز ہیں۔ بلاشبہ دبئی دبئی ہے!

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے