آئی سی سی تاحال ’’بگ4‘‘ سیریزکی تجویز سے لاعلم

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 14 جنوری 2022
رمیزراجہ سے خط و کتابت نہیں ہوئی،ابھی تبصرہ کرنا مشکل ہے، ایلرڈائس
فوٹو:فائل

رمیزراجہ سے خط و کتابت نہیں ہوئی،ابھی تبصرہ کرنا مشکل ہے، ایلرڈائس فوٹو:فائل

 لاہور:  آئی سی سی تاحال رمیزراجہ کی ’’بگ4‘‘ سیریز کی تجویز سے لاعلم ہے، چیف ایگزیکٹیو جیف ایلر ڈائس نے کہا ہے کہ اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی سے کوئی خط و کتابت نہیں ہوئی، جب تک یہ اندازہ نہ ہوکہ وہ کیا سوچ رہے ہیں اس پر تبصرہ کرنا مشکل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں پاکستان، بھارت آسٹریلیا اور انگلینڈ پر مشتمل4 ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کروانے کی تجویز پیش کرنا چاہتے ہیں،ان کا خیال ہے کہ سالانہ ایونٹ سے ایشز کھیلنے والی دونوں ٹیموں کے ساتھ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے میچز بھی باقاعدگی سے کروانے کا موقع ملے گا، ذرائع آمدنی بھی بڑھیں گے جو کرکٹ برادری کے کام آسکتے ہیں۔

ممکنہ پلان کیلیے سابق کپتان نے نیا فنانشل ماڈل بنانے کی بھی تجویز پیش کردی ہے۔ رمیزراجہ کا یہ بیان آسٹریلوی اور پھر پاکستانی میڈیا میں بھی توجہ کا مرکز بنا،اس کو سراہنے اور ناقابل عمل قرار دینے والے بھی میدان میں آگئے۔

سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے کہا کہ منصوبہ مکمل ہوجائے تو دولت کی ریل پیل ہوسکتی ہے، دیگر کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کسی ایسی پلاننگ میں اپنے بورڈ کو شریک نہیں ہونے دے گی جس سے پاکستان کا فائدہ ہو، دوسری جانب آئی سی سی اس تجویز سے ابھی تک لاعلم ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس نے کہا کہ اس آئیڈیے کے بارے میں ہماری چیئرمین پی سی بی سے کوئی خط و کتابت نہیں ہوئی،جب تک یہ اندازہ نہ ہوکہ وہ کیا سوچ رہے ہیں اس پر تبصرہ کرنا مشکل ہوگا، میڈیا رپورٹس سامنے آئی ہیں مگر فی الحال رمیز راجہ سے ہمارا اس معاملے میں کوئی تبادلہ خیال نہیں ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔