زیادتی کا الزام، پرنس اینڈریو سے شاہی اعزازت اور سرپرستی واپس لے لی گئی

ویب ڈیسک  جمعـء 14 جنوری 2022
امریکی عدالت نے گزشتہ روز شہزادہ اینڈریوکی درخواست مسترد کردی تھی:فوٹو:فائل

امریکی عدالت نے گزشتہ روز شہزادہ اینڈریوکی درخواست مسترد کردی تھی:فوٹو:فائل

 لندن: ملکہ برطانیہ نے خاتون سے زیادتی کے الزام پراپنے بیٹے شہزادہ اینڈریو سے شاہی اعزازت اورسرپرستی واپس لے لی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق امریکا میں خاتون سے زیادتی کے الزامات پرمقدمے کا سامنے کرنے والے شہزادہ اینڈریوسے فوجی اعزازت اورشاہی سرپرستی واپس لے لی گئی ہے۔

شہزادہ اینڈریو امریکی عدالت میں زیادتی کے مقدمے کا سامنا اب عام شہری کی حیثیت سے کریں گے۔

ملکہ برطانیہ کی جانب سے شاہی سرپرستی واپس لئے جانے کے بعد اب شہزادہ اینڈریو کے نام کے ساتھ ہزرائل ہائنس کا خطاب استعمال نہیں کیا جائےگا۔

برطانوی شاہی محل سے جاری بیان کے مطابق ڈیوک آف یارک  تمام قسم کی شاہی ذمہ داریوں کی ادائیگی سے بدستور دور رہیں گے اور ایک عام شخص کی طرح مقدمےکا سامنا کریں گے۔

ورجینیا رابرٹس نامی خاتون نے الزام عائد کیا  تھا کہ اینڈریو نے 2001 میں نیویارک میں انہیں کمسنی میں جنسی زیادتی کانشانہ بنایا تھا۔

امریکی عدالت نے گذشتہ روز 61 سالہ  اینڈریو کیخلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ خارج کرنےکی درخواست کو مسترد کردیا تھا اور اب اینڈریوکو اس مقدمےکا سامنا شاہی خاندان کی مدد کے بغیر کرنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔