کورونا کی پانچویں لہر، کراچی میں کیسز کی شرح میں ہوشربا اضافہ

ویب ڈیسک  جمعـء 14 جنوری 2022
شہر میں مثبت کیسز کی شرح 28.8 فیصد تک پہنچ گئی

شہر میں مثبت کیسز کی شرح 28.8 فیصد تک پہنچ گئی

کراچی میں کورونا کی پانچویں لہر کے دوران کیسز کی شرح میں ہوشربا اضافہ ہوگیا۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 28.8فیصد رپورٹ ہوئی۔ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2289کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 2081کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔

محکمہ صحت نے بیان میں کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے ، 172مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 14مریض وینٹیلیٹر پر زیر علاج ہیں۔

ماہرین صحت نے بتایا کہ روز رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 95 فیصد اومی کرون ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو ویکسینیشن کروانے اور بوسٹر ڈوز لگوانے کی ہدایت کی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، تاہم حالات اس وقت قابو میں ہیں، وینیٹیلیٹر پر مریضوں کی تعداد کم ہے اور اسپتالوں میں دباؤ میں اضافہ نہیں ہوا ہے، لاک ڈاؤن اور تعلیمی اداروں پر پابندیوں کے حوالے سے فیصلہ این سی او سی کی ہدایات کے مطابق کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔