اسنیک، بیگو اور لائیکی اپیس پاکستان میں رجسٹرڈ

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 جنوری 2022
اسنیک ویڈیو کو بھی رجسٹرڈ کرلیا گیا، پی ٹی اے (فوٹو انٹرنیٹ)

اسنیک ویڈیو کو بھی رجسٹرڈ کرلیا گیا، پی ٹی اے (فوٹو انٹرنیٹ)

 اسلام آباد: مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ لائیکی، بیگو لائیو اور اسنیک ویڈیو نے پاکستان میں سروسز جاری رکھنے کے لیے رجسٹریشن حاصل کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جویو پاکستان پرائیوٹ لمیٹڈ اور بیگو سروس پاکستان پرائیوٹ لمیٹڈ نے پاکستان میں رجسٹریشن کے لیے پی ٹی اے میں درخواست جمع کرائی تھی۔

دونوں کمپنیوں نے اپنی درخواستوں میں اسنیک ویڈیو، بیگو لائیو اور لائیکی ایپلی کیشنز کو رجسٹرڈ کرنے کی استدعا کی تھی جسے پی ٹی اے نے منظورکرلیا۔

کمپنیوں کو ’رجسٹریشن سرٹیفکیٹ‘ جاری کرنے کی تقریب پی ٹی اے کے مرکزی دفتر میں منعقد کی گئی جس میں اتھارٹی کے چیئرمین اور ممبران کے علاوہ متعلقہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندوں اور پی ٹی اے کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی آن لائن مواد کو ہٹانے اور بلاک کرنے (طریقہ کار، نگرانی اور حفاظت) کے قواعد 2021 کے تحت اہم سوشل میڈیا کمپنیوں کے لئے پی ٹی اے کے پاس رجسٹر ہونا ضروری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔