کامران اکمل نے ٹیم میں واپسی کا خواب دیکھنا چھوڑ دیا

محمد یوسف انجم  ہفتہ 15 جنوری 2022
رضوان بڑی محنت سے اس مقام تک پہنچے،ہر فارمیٹ میں موقع دیں،وکٹ کیپر
:فوٹو:فائل

رضوان بڑی محنت سے اس مقام تک پہنچے،ہر فارمیٹ میں موقع دیں،وکٹ کیپر :فوٹو:فائل

 لاہور:  کامران اکمل نے پاکستان ٹیم میں واپسی کا خواب دیکھنا چھوڑ دیا۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹwww.cricketpakistan.com.pk کو انٹرویو میں کامران اکمل نے کہا کہ میں اب ملک کی نمائندگی کا نہیں سوچ رہا،محمد رضوان نمبر ون وکٹ کیپر بیٹر اور بڑی محنت سے اس مقام تک پہنچے ہیں، انھیں ہر فارمیٹ میں بھرپور موقع دیاجائے،ساتھ ہی متبادل بھی تیارکرنا بہتر ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ابھی میری ریٹائرمنٹ کا وقت نہیں آیا، جب محسوس کیا کہ پہلے جیسی فٹنس اور فارم نہیں رہی تو محمد حفیظ کی طرح پی سی بی کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کروں گا، ابھی 2، 3 سال تک مزید کھیلنے کی خواہش ہے۔

پی ایس ایل ڈرافٹ کی سلور کیٹیگری میں منتخب ہونے کے بعد پہلے انکار اور پھر اقرار کرنے کے سوال پر تجربہ کار وکٹ کیپر نے واضح کیا کہ پشاورزلمی نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا، اب بھی اسی جذبے اور محنت سے کھیلوں گا، 6سال میں ایک فائنل جیتنا اور4فائنل کھیلنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا کمبی نیشن زبردست ہے، وہاب ریاض بڑے اچھے طریقے سے قیادت کررہے ہیں، انضمام الحق کے صدر بننے سے نوجوان بیٹرز کو زیادہ فائدہ ہوگا۔

کامران اکمل نے کہا کہ پی ایس ایل میں زیادہ پیسہ دیں گے تو غیرملکی کھلاڑی بھی کھیلنے کو ترجیح دیں گے، اگر پاکستان اور بھارت کی کرکٹ سیریز بحال ہوئی تو اس سے مجموعی طورپر کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ پی سی بی کا کھلاڑیوں کو ایوارڈ دینا خوش آئند ہے، فواد عالم ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کے مستحق تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔