ڈین ایلگر کی وکٹ نے ورلڈکپ کی یادیں تازہ کردیں

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 15 جنوری 2022
اب فیصلہ خلاف آنے پر بھارتی کرکٹ ٹیم تلملا رہی ہے،سابق پاکستانی اسپنر۔ فوٹو؛ اسکرین گریب

اب فیصلہ خلاف آنے پر بھارتی کرکٹ ٹیم تلملا رہی ہے،سابق پاکستانی اسپنر۔ فوٹو؛ اسکرین گریب

 لاہور:  کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں ڈین ایلگر کی وکٹ نے ورلڈکپ 2011کی یادیں تازہ کردیں۔

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں ڈین ایلگر ڈی آر ایس کی مدد سے وکٹ بچانے میں کامیاب ہوئے تو بھارتی ٹیم کی جانب سے جارحانہ رویہ دیکھنے میں آیا، کپتان ویراٹ کوہلی اسٹمپ مائیک پر آئے اور براڈ کاسٹرز پر غصہ نکالتے ہوئے تند و تیز الفاظ کہے، دیگر کھلاڑی بھی اپنی بھڑاس نکالتے رہے۔

یاد رہے کہ بالکل اسی طرح آئی سی سی ورلڈکپ 2011 کے سیمی فائنل میں سعید اجمل نے سچن ٹنڈولکر کو ایل بی ڈبلیو کیا تھا، امپائر نے انھیں آؤٹ قرار دیا تھا تاہم ریویو میں گیند کی لائن اور لمبائی کو مکمل تبدیل کردیا گیا تھا۔ اس کے بعد سچن ٹنڈولکر نے 85 رنز کی اننگز کھیلی اور پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 29 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

اس حوالے سے سعید اجمل نے کہاکہ میں نے ڈین ایلگر کا ایل بی ڈبلیو ریویو کئی بار دیکھا،گھٹنے پر لگنے والی گیند کسی صورت اسٹمپس کے اوپر سے نہیں جا سکتی تھی،یہ فیصلہ دیکھ کر ورلڈکپ 2011میں میری گیند پر ٹنڈولکر کا آؤٹ یاد آگیا، بھارتی ٹیم اب کیوں کہہ رہی ہے کہ ڈی آر ایس ٹیکنالوجی پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا،صرف اس لیے کہ فیصلہ ان کیخلاف گیا،اس وقت بھی ٹنڈولکر کے ناٹ آؤٹ رہنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی بحث چھڑ پڑی، صارفین کا کہنا تھا کہ بھارتی آج جس ڈی آر ایس پر غصہ نکال رہے ہیں ورلڈکپ2011 میں اسی سے فائدہ اٹھایا تھا۔ سابق بیٹر گوتم گمبھیر بھی ویراٹ کوہلی کی اس حرکت سے ناخوش نظر آئے،کمنٹری کے دوران انھوں کہا کہ یہ بھارتی کپتان کا بہت بچگانہ فعل ہے،کسی بھی کھلاڑی کو اس قسم کا رویہ نہیں اپنانا چاہیے، اس طرح کی حرکتوں سے آپ کبھی نوجوان کرکٹرز کے آئیڈیل نہیں بن سکتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔