بیلسٹک میزائل کے تجربے ’ٹرین میزائل ٹیکنالوجی‘ کی مدد سے کیے، شمالی کوریا

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 جنوری 2022
میزائل سے جزیرے پر پہاڑ کو نشانہ بنایا گیا، فوٹو: شمالی کوریائی میڈیا

میزائل سے جزیرے پر پہاڑ کو نشانہ بنایا گیا، فوٹو: شمالی کوریائی میڈیا

پیانگ یانگ: امریکا کے ساتھ تناؤ میں اضافے کے بعد شمالی کوریا نے ریل گاڑیوں سے مار کرنے والے دو میزائلوں کے کامیاب تجربے کی تصدیق کی ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے اپنے مشرقی سمندر میں مقررہ ہدف کو نشانہ بنانے والے ہتھیاروں کی مہارت کا تجربہ کیا جس میں پٹڑی پر چلنے والی ریل گاڑیوں کی طرح کے لانچرز سے میزائل داغنا بھی شامل ہے۔

شمالی کوریا نے تصدیق کی ہے کل کیے گئے بیلسٹک میزائل تجربے دراصل ٹرین کے ذریعے کیے گئے حالانکہ شمالی کوریا پر بین الاقوامی تنظیموں اور عالمی قوتوں نے بیلسٹک میزائلوں کی تیاری پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : امریکی پابندی کے چند گھنٹے بعد ہی شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل کا تجربہ 

حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشرقی ساحل کے قریب پانی سے گھرے ہوئے ایک پہاڑ کو نشانہ بنایا گیا۔  ریل کاروں سے داغا گیا میزائل ایک ٹھوس ایندھن سے چلنے والا کم فاصلے تک مار کرنے والا ہتھیار معلوم ہوتا ہے۔

شمالی کوریا کی سرکاری میڈیا کے مطابق اس تجربے کا مقصد میزائل کی کارروائی کے طریقہ کار میں مہارت کو جانچنا اور پرکھنا تھا۔دو گائیڈڈ میزائلوں نے مشرقی سمندر میں ایک مقررہ ہدف کو نشانہ بنایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔