کنگنا رناوت کے گالوں سے زیادہ ہموار سڑکیں بناؤں گا، بھارتی رکن اسمبلی

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 جنوری 2022
بھارتی سیاست دانوں کا سڑکوں کی تعمیر کا موازنہ اداکاراؤں کے گالوں سے کرنا روایت بن گئی ہے، فوٹو: فائل

بھارتی سیاست دانوں کا سڑکوں کی تعمیر کا موازنہ اداکاراؤں کے گالوں سے کرنا روایت بن گئی ہے، فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے رکن اسمبلی نے اپنے ووٹرز سے وعدہ کیا ہے کہ حلقے میں کنگنا رناوت کے گالوں سے زیادہ ہموار سڑکیں بناؤں گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ میں کانگریس سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی عرفان انصاری نے اپنے ویڈیو پیغام میں حلقے سے عوام سے ہموار سڑکیں بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ سڑکیں کنگنا رناوت کے گالوں سے زیادہ ہموار ہوں گی۔

رکن اسمبلی نے عالمی معیار کی 14 سڑکوں کی تعمیر جلد شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ ہموار سڑکیں قبائلی برادری کے بچے اور ریاست کے نوجوان استعمال کریں گے۔

مذکورہ رکن اسمبلی اپنے متنازع بیانات کے باعث خبروں میں زندہ رہتے ہیں۔ پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہونے کے باوجود رکن اسمبلی عرفان انصاری نے حال ہی میں ماسک کے استعمال کی حوصلہ شکنی کی تھی جس پر رکن اسمبلی کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یہ خبر پڑھیں : میرے حلقے میں کترینہ کے گالوں کی طرح سڑکیں بننی چاہئیں، بھارتی وزیر  

بھارتی سیاست دان اس سے قبل بھی سڑکوں کی تعمیر کے معیار کو اداکاراؤں کے گالوں سے تشبیہ دے چکے ہیں۔ راجستھان کے وزیر راجندر سنگھ ایک کھلی کچہری میں حکام کو یہ ہدایت دیتے ہوئے پائے گئے تھے کہ میرے حلقے کی سڑکیں کترینہ کیف کے گالوں کی طرح ہونی چاہیٗیں

اس سے قبل مہاراشٹر کے وزیر اور شیو سینا کے رہنما گلاب راؤ پاٹل نے اپنے حلقے میں سڑکوں کی ہمواری کا موازنہ اداکار اور سیاست دان ہیما مالنی کے گالوں سے کیا تھا جس پر تنازع کھڑا ہونے پر وزیر نے معذرت بھی کی تھی۔

سیاسی بیانوں میں معروف اداکاراؤں کے حسن کو بیان کرنے کی رت سب سے پہلے بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو یادو نے ڈالی اور اب آئے دن کوئی نہ کوئی وزیر اپنی کمزوریوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے چٹکلے استعمال کرتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔