بلدیاتی قانون بہانہ ہے لسانیت کو ہوا دی جا رہی ہے، سندھ حکومت

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 جنوری 2022
عمران نیازی نالائقوں کے سردار ہیں، انہوں نے ملک کو کنگال کردیا، سعید غنی - فوٹو:فائل

عمران نیازی نالائقوں کے سردار ہیں، انہوں نے ملک کو کنگال کردیا، سعید غنی - فوٹو:فائل

 کراچی: سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف عوامی لانگ مارچ سے توجہ ہٹانے کے لیے سندھ میں لسانی سیاست کو ہوا دی جارہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے جماعت اسلامی، پی ٹی آئی ،ایم کیو ایم  اور جی ڈے اے رہنماؤں کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی قانون تو بہانہ ہے، جی ڈی اے، ایم کیوایم، اور پی ٹی آئی کا اصل نشانہ عوام کی توجہ حقیقی مسائل سے ہٹانا ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف بغض اور تعصب کا مظاہرہ کرنے سے سیاسی بونوں کے قد میں اضافہ نہیں ہوگا، کراچی بلاول بھٹو کے ساتھ کھڑا ہے، اگلے عام انتخابات میں سندھ کے سیاسی یتیم فارغ ہوجائیں گے، مردم شماری سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ نے سی سی آئی میں بھرپور کیس لڑا اور سرخرو ہوئے۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ کراچی کے عوام  بخوبی جانتی ہے کہ ماضی میں کس نے انہیں سکھ کا سانس نہیں لینا دیا، میں کئی بار آپ سے مل چکا ہوں، جو بھی تحفظات ہیں ان پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں، عوام پہلے ہی پی ٹی آئی حکومت کی مہنگائی سے پریشان ہے مزید ان کو سڑکوں پر نہ گھسیٹیں، ماضی میں جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم پر اپنے کارکنوں کے قتل اور دہشت گردی کے الزامات لگا رہی ہے، آج قاتل اور مقتول پیپلز پارٹی کی دشمنی میں ایک ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے، پی ٹی آئی حکومت کی بی ٹیم بن کر کام کر رہی ہے، سندھ کے عوام پی ٹی آئی، جماعت اسلامی اور جی ڈی اے سے ان کی پوزیشن ایم کیو ایم پر واضح سننا چاہتی ہے، ایم کیو ایم لسانی سیاست، دہشت گردی، صوبے کو دو لخت کرنے کی باتیں کرتی رہی ہے، جماعت اسلامی، پی ٹی آئی اور جی ڈی اے واضح کریں کہ وہ سندھ کے عوام کے ساتھ ہیں یا ایم کیو ایم کے بی ٹیم ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی

دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ کی عوام وفاقی حکومت کی نالائقی کی وجہ سے گیس کو ترس رہی ہے، عمران نیازی نالائقوں کے سردار ہیں، انہوں نے ملک کو کنگال کردیا مگر عمران نیازی کی آمدنی 5800 فیصد بڑھ گئی، لگتا ہے علیمہ باجی نے اپنی سلائی مشین عمران نیازی کو دے دی ہیں، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کو عوام دشمن منی بجٹ منظور کرنے پر لوگ معاف نہیں کریں گے۔

سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک وزارت کی چکر میں عوام کے حقوق کا سودا کرچکی ہے، ہو شربا مہنگائی اور کرپشن نے نیازی سرکس کے جوکروں کو بے نقاب کردیا ہے، ایم کیو ایم، پی ٹی آئی کو ہر ضمنی الیکشن اور کنٹونمنٹ الیکشن میں ذلت آمیز شکست ہوئی ہے، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا سارا تماشہ بلدیاتی الیکشن میں ذلت آمیز شکست کے خوف کی وجہ سے ہے، پی ٹی آئی کے کالے کرتوتوں کے گواہ احمد جواد، اکبر ایس بابر اور جسٹس وجیہہ الدین ہیں، خیبر پختونخواہ کے غیرت مند لوگوں نے پی ٹی آئی کو دفن کردیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت کے ترجمان اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی بیرسٹر مرتضی وہاب نے نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج بے وقت کی راگنی ہے، لوگوں خصوصاً بزرگ خواتین کو گیس بحالی کا دھوکا دے کر زبردستی احتجاج میں لایا گیا، گیس کا بحران پیپلز پارٹی کا نہیں نااہل پی ٹی آئی کا پیدا کردہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک کو کنگال کردیا، سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کی حکومت سے خوش اور مطمئن ہیں، عوام کے اطمینان کا ثبوت سندھ میں عام اور ضمنی انتخابات کے نتائج ہیں، سندھ حکومت نے ایک بہترین بلدیاتی قانون دیا ہے جس میں عوام کے مسائل کا حل ہے۔

انہوں ںے مزید کہا کہ دھرنے دینے والی سیاسی جماعتیں غربت، بھوک، افلاس، مہنگائی، پیٹرول میں آئے دن اضافے، ڈالر کی اونچی اڑان اور ادویات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے پر دھرنا کیوں نہیں دیتیں؟

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔