کراچی میں رینجرز کے ونگ کمانڈر کی گاڑی پر خود کش حملہ، 4 اہلکار زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 14 فروری 2014

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

کراچی: قیوم آباد کے قریب ڈیفنس کریک روڈ پر رینجرز کے ونگ کمانڈر کی گاڑی پر حملے میں 4 اہلکار زخمی جب کہ مبینہ خود کش حملہ آور ہلاک ہو گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے قیوم آباد کے قریب ڈیفنس کریک روڈ پر ایک خود کش بمبار نےخود کو رینجرز کے ونگ کمانڈر کی گاڑی سے ٹکرا دیا جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے میں 4 رینجرز اہلکار زخمی  جبکہ مبینہ خود کش حملہ آور ہلاک ہو گیا۔  خود کش حملے میں رینجرز کے ونگ کمانڈر کی گاڑی  جی ایس 711 کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے خود کش حملہ آور کے جسم کے اعضا کو جناح اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ کریک روڈ کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں رزاق آباد پولیس ٹریننگ سنٹر کے قریب پولیس کی بس کو نشانہ بیایا گیا تھا جس میں 13 اہلکار جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔