ٹرمپ کی ہلاکت پر مبنی کارٹون پر ایرانی سپریم لیڈر کا ٹویٹر اکاؤنٹ بند

ویب ڈیسک  اتوار 16 جنوری 2022
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای

تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے اکاؤنٹ پر ٹرمپ کی ہلاکت پر مبنی کارٹون ویڈیو دکھائے جانے پر ٹویٹر نے اکاؤنٹ کو بین کردیا ہے۔

ایرانی نشریاتی ادارے ایران انٹرنیشنل کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی ہلاکت کا منظر کارٹون ویڈیو میں پیش کیے جانے پر ٹویٹر اکاؤنٹ بند کیا گیا ہے۔ خامنہ ای سائٹ ان اکاؤنٹس میں سے ایک ہے جسے سپریم لیڈر کا دفتر براہِ راست کنٹرول کرتا ہے۔

ٹویٹر کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ اکاؤنٹ کو ٹویٹر کی بین پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر بین کیا گیا ہے تاہم انہوں نے تفصیلات نہیں بتائیں۔

ٹویٹر پر کارٹون ویڈیو کی سُرخی کچھ یوں تھی، ‘revenge is definite’ (انتقام یقینی ہے)۔ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ ایک ایرانی جنگی گاڑی گالف کھیلتے آدمی کی جانب بڑھ رہی ہیں جو کہ ٹرمپ سے مشابہہ ہے۔ قریب آنے پر گاڑی اپنے اوپر نصب کردہ ایک مشین کا رُخ اس آدمی کی جانب کردیتی ہے جس پر اوپڑ ڈرون بھی اُس آدمی پر اپنا ہدف متعین کرلیتا ہے۔

ویڈیو قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ کے طور پر بنائی گئی تھی اور خامنہ ای سائٹ کے اکاؤنٹ سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔