اسلام آباد کے تعلیمی ادارے کورونا کی زد میں آگئے

اسٹاف رپورٹر  پير 17 جنوری 2022
ضلعی ہیلتھ آفیسر نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے مذکورہ تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کی سفارش کی ہے

ضلعی ہیلتھ آفیسر نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے مذکورہ تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کی سفارش کی ہے

 اسلام آباد: کورونا وائرس نے وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کو اپنے نشانے پر لے لیا، دو دنوں کے اندر شہر کے پانچ ماڈل کالجز کے درجن سے زائد طلباء و طالبات میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔

ضلعی ہیلتھ انتظامیہ نے پانچوں سرکاری اداروں کی بندش کیلئے اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کردیا۔

ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زعیم ضیاء کی جانب سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے نام لکھے گئے مراسلوں کے مطابق اسلام آباد ماڈل کالج برائے گرلز شکریال، اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائزجی ٹین فور، اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف سیون فور ، اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز، ایف سکس ٹو، اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز، جی سکس ون ٹو کے درجن سے زائد طلباء و طالبات میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔

ڈاکٹر زعیم ضیاء نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے مذکورہ تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کی سفارش کی ہے۔ڈی ایچ او نے مراسلے میں کہا ہے کہ ان تمام سرکاری کالجز کو تاحکم ثانی و ڈس انفکشن کا عمل مکمل ہونے تک بند رکھا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔