یخنی اور سوپ کے کچھ بدیسی ذائقے

سمیرا انور  منگل 18 جنوری 2022
جسم میں ہونے والی پانی کی کمی کوچائے یاکافی کے زیادہ استعمال کے بجائے سوپ کواستعمال کرنازیادہ عقل مندانہ ہے،طبی ماہرین۔ فوٹو : فائل

جسم میں ہونے والی پانی کی کمی کوچائے یاکافی کے زیادہ استعمال کے بجائے سوپ کواستعمال کرنازیادہ عقل مندانہ ہے،طبی ماہرین۔ فوٹو : فائل

آتی اور جاتی ہوئی سردیوں کا موسم واقعی ایک ایسا موسم ہے، جس میں آپ ہر قسم کے توانائی اور راحت بخش کھانے آزما سکتے ہیں۔ اور جہاں تک بات سُوپ کی ہے تو سُوپ ایک ایسی چیز ہے، جسے آپ کئی بار نت نئے انداز میں بنا سکتے ہیں۔ بھُنی ہوئی لوکی یا کدو کا سوپ بھی ایسی ہی ایک مزے دار چیز ہے، جو سردیوں کی ٹھنڈی میٹھی شام میں آپ کو خوب راحت بخشتا ہے۔

سردیوں میں ہمہ وقت سستی اور ایک آرام طلبی کی کیفیت چھائی رہتی ہے۔ اس موسم میں خود کو چاق و چوبند اور تن درست و توانا رکھنے کے لیے مختلف چیزوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس موسم میں خود کو توانائی مہیا کرنے کے لیے مزے دار اور حرارت سے بھرپور سُوپ سے بہتر کوئی مشروب نہیں ہے۔ ذائقے دار سُوپ آپ کو نہ صرف توانائی فراہم کرتے ہیں، بلکہ ان کا لذیذ ذائقہ آپ کے مزاج کو بھی خوش گوار کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیوں میں عموماً ہم پانی اور دیگر مشروبات کم استعمال کرتے ہیں ایسے میں جسم میں ہونے والی پانی کی کمی کو چائے یا کافی کے زیادہ استعمال کے بہ جائے سوپ کو استعمال کرنا زیادہ عقل مندانہ ہے، جب کہ چھوٹے بچے اور کمزور یا بوڑھے افراد جو سبزیاں اور گوشت چپا کر نہیں کھا سکتے ان کے لیے سبزی کا سوپ اور چکن کا سوپ بنا کر مشین سے بلینڈ کرلیں اور ہلکا سا نمک اور کالی مرچ شامل کر کے پیش کریں، تو وہ بھی سبزی اور چکن کے فوائد حاصل کر سکیں گے اور خاص طور پر ٹماٹر اور پالک کا ذائقے دار اور مقبول سوپ اس کی عام مثالیں ہے۔ ذیل میں سوپ کی کچھ لذیذ اقسام کے بارے میں معلومات دی جا رہی ہیں، جو خاصے پسند کیے جاتے ہیں اور سردیوں کے موسم میں خاص طور پر ان کی مانگ بڑھ جاتی ہے۔

چائنیز چکن کارن سوپ:

اجزا: چکن بغیر ہڈی کے چھوٹی بوٹی (100گرام)، انڈا ایک عدد پھینٹا ہوا، کورن فلور چار کھانے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ، کالی مرچ پسی ہوئی ایک چوتھائی کھانے کا چمچا، سفید مرچ پسی ہوئی ایک چوتھائی کھانے کا چمچا، سفید سرکہ، سویا سوس، گاجر ایک عدد، پیاز آدھا، ابلے ہوئے مکئی کے دانے ایک پیالی۔

ترکیب:چکن میں تین پیالی یخنی، پیاز،گاجر اور سبز پیاز ملا کر دس سے پندرہ منٹ تک پکنے دیں۔ یہاں تک کہ چکن ریشہ ریشہ ہو جائے۔ اب ان تمام سبزیوں کو یخنی سے نکال لیں۔ اب یخنی میں مکئی کے دانے، کالی مرچ، سفید مرچ، سویا سوس اور سرکہ ملائیں۔ آدھی پیالی پانی میں کورن فلور کو اچھی طرح گھول کر سوپ میں شامل کریں اور اس کو پکاتے ہوئے مستقل چمچا چلاتی رہیں۔ دھیمی آنچ پر دو منٹ تک پکائیں۔ اس کے بعد سرکہ، سویا سوس اورچلی سوس کے ساتھ پیش کریں۔

تھائی چکن سوپ:

اجزا: چکن بریسٹ فلے ایک کلو، سفید سرکہ دو کھانے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ، لیموں تین عدد، ابلے چاول دو کھانے کے چمچے، ہری مرچ آٹھ عدد، لمبی کٹی ہوئی، لیمن گراس دو کھانے کے چمچے، کالی مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچا، سفید مرچ ایک چائے کا چمچا، چکن کیوبز ملا ہوا میدہ آدھا کھانے کا چمچا، تیل ایک کھانے کا چمچا، یخنی بنانے کے لیے ایک کلو مرغی کی ہڈیاں، تیز پات دو عدد، لہسن چھ جوے، پانی چھے پیالی، تل کا تیل چند قطرے۔

ترکیب:پہلے چکن کی کیوبز بنالیں، ایک چوپنگ بورڈ کے اوپر رکھ کر ہلکا سا کچل لیں، چکن کی ہڈیاں دھوکر ایک دیگچی میں ڈال کر پانی، تیز پات، لہسن، کالی مرچ اور لیمن گراس ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر یخنی پکا لیں۔ جب پانی چار پیالی رہ جائے، تو اس کو چولھے سے اتار لیں۔ پھر دیگچی میں چھان کر چکن کیوبز ڈال کر ابال لیں۔ ساتھ میں سویا سوس، سرکہ، میدہ، نمک، کالی اور سفید مرچ بھی شامل کر دیں۔جب چکن گل جائے تو اتار لیں۔ جب پیش کرنا ہو تو ابلے ہوئے چاول اور ہری مرچ ایک فرائنگ پین میں تیل گرم کر کے ہلکا سا تل لیں۔ سوپ گرم کریں، ایک پیالے میں نکال کر چاول اور ہری مرچ ڈال کر گرما گرم پیش کریں۔ اوپر سے تل کا تیل بھی ڈال دیں۔

اٹالین نوڈلزسوپ:

اجزا: چکن کی یخنی چھے پیالی، ہرا دھنیہ چھے ڈنڈیاں، باریک کٹی ہوئی تازہ ادرک ایک چائے کا چمچا، جکن کے چیسٹ پیس دو عدد، نوڈلز ایک پیکٹ، تازہ ہری یا لال مرچیں کٹی ہوئی، ہری پیاز دو عدد، فش ساس ایک کھانے کا چمچا، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب: ہرا دھنیا پتیوں کو ڈنڈیوں سے کاٹ کر علاحدہ کر لیں، یخنی گرم کر کے دھنیے کی ڈنڈیاں، ادرک اور نمک ڈال دیں۔ چند ابال آنے کے بعد یخنی چھان لیں۔ یخنی کو اب چکن کی باریک کٹی ہوئی سینے کی بوٹیوں کے ساتھ پکائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ نوڈلز بھی توڑ کر شامل کر دیں۔ گوشت کے گلنے اور نوڈلز کے نرم ہونے کے بعد ہری پیاز اور لال مرچیں شامل کریں۔ فش ساس ڈال کر دھنیے کے پتوں کو پیالے کے اوپر ڈال کر سرو کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔