چھوٹی ٹیموں کے ’’بڑے‘‘ کرکٹرزمسئلہ بن گئے

انڈر 13 اور 16ٹورنامنٹس معطل،پلیئرزکی دوبارہ بون ایج ٹیسٹنگ ہوگی


Sports Reporter January 18, 2022
انڈر 13 اور 16ٹورنامنٹس معطل،پلیئرزکی دوبارہ بون ایج ٹیسٹنگ ہوگی- فوٹو:فائل

ISLAMABAD: چھوٹی ٹیموں کے ''بڑے'' کرکٹرزمسئلہ بن گئے جب کہ زائد العمر پلیئرزکھیلنے کی شکایات پر انڈر 13 اور16 ٹورنامنٹس معطل کردیے گئے۔

پی سی بی نے کراچی اور ملتان میں جاری نیشنل انڈر 13 اور16 ٹورنامنٹس معطل کردیے، دونوں ایونٹس میں زائد العمر کھلاڑیوں کی شرکت کا نوٹس لیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا، بورڈکاکہنا ہے کہ ٹورنامنٹس پاتھ ویز پروگرام کا اہم جزو ہیں لہٰذا ان کی ساکھ کو بچانے کے لیے صرف ہم مستحق کھلاڑیوں کو ہی کھیلنے کی اجازت دے سکتے ہیں، تمام پلیئرزکی بون ایج ٹیسٹنگ کا تیسرا راؤنڈ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی بنیاد پر نئی ٹیموں کی تشکیل کے بعد یہ ٹورنامنٹس آئندہ ہفتے سے دوبارہ شروع ہوں گے۔

انڈر 16 ٹورنامنٹ میں ہر ایسوسی ایشن کی 2،2 ٹیموں کے 300 کھلاڑی شرکت کررہے ہیں، لہٰذا وہاں بون ایج ٹیسٹنگ کا عمل منگل سے بدھ تک جاری رہے گا۔ اسی طرح کراچی میں انڈر 13 کے 150 کھلاڑیوں کی ٹیسٹنگ منگل کو مکمل کرلی جائے گی۔

زائدالعمر قرار پانے والے کھلاڑیوں کو ان ٹورنامنٹس میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی، ان کو اپیل کے لیے 2 روز تک کا وقت دیا جائے گا، جہاں انھیں دوبارہ بون ایج ٹیسٹنگ یا درست برتھ سرٹفیکیٹ اور متعلقہ دستاویزات جمع کرانے کا آپشن دیا جائے گا،جب تک ٹورنامنٹس کا دوبارہ آغاز نہیں ہوتا تمام ٹیمیں کراچی اور ملتان میں ہی ٹھہریں گی،وہاں انھیں پی سی بی کے مقررہ کوچز کی زیرنگرانی ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ بورڈ زائدالعمر کھلاڑیوں کو نظام میں موجود خامیوں کا فائدہ اٹھانے اور مستحق کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی کی اجازت نہیں دے سکتا، غلط عمر کے ساتھ ایج گروپ کرکٹ کھیلنا ایک مجرمانہ فعل ہے، بون ایج ٹیسٹنگ میں جس کھلاڑی کا بھی جرم ثابت ہوگا اسے ٹورنامنٹ سے باہر کردیا جائے گا، پی سی بی کے زیر اہتمام آئندہ ایونٹس میں اس کھلاڑی کی شرکت سے متعلق فیصلہ بعد میں ہو گا۔

بورڈ موجودہ نظام کا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد پروٹوکولز مزید سخت کرکے اسے مربوط بنانے کی کوشش کرے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔