سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں خواجہ سراؤں کے لیے کوٹہ مختص

ویب ڈیسک  منگل 18 جنوری 2022
خواجہ سراؤں کے لیے سرکاری ملازمتوں میں 0.5 فیصد کوٹہ مختص کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا - فوٹو:فائل

خواجہ سراؤں کے لیے سرکاری ملازمتوں میں 0.5 فیصد کوٹہ مختص کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا - فوٹو:فائل

 کراچی: وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ کابینہ نے سندھ سول سروسز ترمیمی بل 2021ء کی منظوری دیتے ہوئے خواجہ سراؤں کو سرکاری ملازمتوں میں 0.5 فیصد کوٹہ مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کابینہ نے پینشن رولز میں ترمیم کی بھی منظوری دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ کابینہ نے پنشنرز رولز میں ترامیم کی ہیں، ہر سال پینشن کی مد میں سندھ حکومت پر بوجھ بڑھتا جارہا ہے اور اس حوالے سے کوئی پالیسی مرتب نہ کی گئی تو ایک وقت ایسا آسکتا ہے کہ ہمیں ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی بھی مشکل ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے جوڈیشری کے لیے 35 کروڑ روپے کی 152 گاڑیاں خرید نے منظوری دی ہے جبکہ کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کو بھی گاڑیاں خریدنے کی منظوری دی ہے، کابینہ نے سول سروینٹس رولز ترمیمی بل 2021 کی ممنظوری دی ہے جس کو جلد ہی اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا جس کے تحت اب سندھ حکومت کے محکموں میں خواجہ سراؤں کو نصف فیصد کوٹہ ہوگا۔

سعید غنی نے کہا کہ اس سے ان کو معاشرے میں عزت سے زندگی گزارنے کے مواقع میسر آئیں گے، پہلے بھی میرٹ پر صوبائی محکموں میں خواجہ سرا ملازمتیں کررہے ہیں، اب اس بل کی منظوری سے باقاعدہ ان کا نصف فیصد کوٹہ مختص ہوجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔