معیشت کی ترقی کی شرح 5.37 فیصد ہے، حماد اظہر

ویب ڈیسک  جمعرات 20 جنوری 2022
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ روپیہ اپنی ویلیو حاصل کر رہا ہے—فائل فوٹو

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ روپیہ اپنی ویلیو حاصل کر رہا ہے—فائل فوٹو

 اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ملک میں معیشت کی ترقی کی شرح 5.37 فیصد رہی ہے اور معاشی ترقی کے ساتھ کچھ اور محرکات بھی شامل تھے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم نے تیسرے سال اتنی گروتھ حاصل کی اور اب اچھی گروتھ کو مستحکم رکھنا ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ سابقہ حکومت خاطرخواہ ایکسپورٹ نہیں بڑھا سکی، حکومت نے بہت سی اصلاحات کی ہیں اور آئندہ بھی اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ حکومت کو گروتھ کے اثرات نیچے تک پہنچانے کے لیے سماجی اقدامات کئے جائیں۔

علاوہ ازیں انہوں نے لاہور میں ہونے والے بم دھماکے سے متعلق کہا کہ واقعہ پر افسوس ہے، سیکیورٹی ادارے کسی بھی صورت میں امن کو تباہ نہیں ہونے دیں گے۔

حماد اظہر نے کہا کہ ہم سماجی اقدامات کر رہے ہیں، طبقات کی محرومی سے بچنے کے لیے احساس پروگرام اور صحت انصاف کارڈ متعارف کروائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر مہنگائی آئی ہے، اس سے لوگوں کو تحفظ دینے کے لیے یہ پروگرام شروع کئے گئے۔

حماد اظہر نے کہا کہ فیول ایڈجسمٹ قیمت پہلی بار نہیں ہورہا، باقی دنیا میں گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھی ہیں، بھارت میں دیکھ لیں کہ معیشت کی حالت کیا ہے۔

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ روپیہ اپنی ویلیو حاصل کر رہا ہے، روپے کی قدر میں 10 فیصد کمی ہوئی ہے دنیا میں تمام بڑی کرنسیوں کی ویلیو بھی کم ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس جتنی نکلے گی اتنی ہی آگے دینا پڑتا ہے، کراچی میں صنعت نے اسٹے لے رکھا ہوا ہے جس کی وجہ سے کراچی کے عوام متاثر ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔